
ممبئی، 2 اکتوبر(ہ س)۔ابھیشیک بچن آج بھی 2005 میں ریلیز ہونے والی فلم ’بنٹی اور ببلی‘ کے مقبول گانے ’کجرا رے‘ کی شوٹنگ کو یاد کرتے ہوئے اسے اپنے یادگار اور انتہائی پرلطف تجربات میں شمار کرتے ہیں۔ اس گانے میں ابھیشیک بچن کے ساتھ امیتابھ بچن اور ایشوریہ رائے بچن بھی نظر آئے تھے۔ حال ہی میں گانے کی شوٹنگ سے متعلق دلچسپ واقعہ شیئر کرتے ہوئے ابھیشیک نے بتایا کہ یہ کسی طے شدہ کوریوگرافی والے سلسلے کے بجائے سیٹ پر منعقد ہونے والی ایک طویل ڈانس پارٹی جیسا تھا۔
ابھیشیک نے بتایا کہ ’کجرا رے‘ کی شوٹنگ کے دوران ان کی سالگرہ بھی تھی اور پوری ٹیم نے سیٹ پر ہی اسے منایا تھا۔ ان کے مطابق، ہدایت کار شاد علی نے صرف گانا بجایا اور اس کے بعد وہ، امیتابھ بچن اور ایشوریہ رائے بچن تقریباً چار گھنٹے تک مسلسل رقص کرتے رہے۔ ابھیشیک کا کہنا تھا کہ شاید ہی کسی دوسرے گانے کی شوٹنگ کے دوران انہوں نے اتنا لطف اٹھایا ہو۔
شاد علی نے اس دوران فنکاروں کی مستی اور رقص کے کئی لمحات کو کیمرے میں محفوظ کیا اور بعد میں انہی مناظر کو گانے کا حصہ بنا دیا گیا۔جب ابھیشیک سے ’کجرا رے‘ کے نئے ورژن کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے اس میں اپنی دلچسپی ظاہر کی۔ اداکار نے کہا کہ وہ ’کجرا رے 2.0‘ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں اور انہیں یہ تجربہ بے حد پسند آئے گا۔ تاہم، انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اس کے لیے ایشوریہ رائے بچن اور اپنے والد امیتابھ بچن کو راضی کرنا ہوگا۔’کجرا رے‘ آج بھی ہندی سنیما کے مقبول ڈانس نمبروں میں شمار ہوتا ہے اور فلم میں ابھیشیک، امیتابھ اور ایشوریہ کی ایک ساتھ موجودگی نے اس گانے کو مزید خاص بنا دیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan