لاس اینجلس میں یش نے زندگی کے بارے میں کہی دل چھو لینے والی بات، ’آپ کی شروعات یہ طے نہیں کرتی کہ آپ کہاں تک پہنچ سکتے ہیں‘
ممبئی، 28 اکتوبر (ہ س)۔ اداکار یش نے لاس اینجلس کے اکیڈمی میوزیم آف موشن پکچرز میں منعقدہ فلم ’رامائن‘ کے شاندار پریمیئر کے موقع پر بھارتی سنیما اور اپنی جڑوں سے وابستگی کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر فلم کے ہدایت کار نتیش تیوار
لاس اینجلس میں یش نے زندگی کے بارے میں کہی دل چھو لینے والی بات، ’آپ کی شروعات یہ طے نہیں کرتی کہ آپ کہاں تک پہنچ سکتے ہیں‘


ممبئی، 28 اکتوبر (ہ س)۔

اداکار یش نے لاس اینجلس کے اکیڈمی میوزیم آف موشن پکچرز میں منعقدہ فلم ’رامائن‘ کے شاندار پریمیئر کے موقع پر بھارتی سنیما اور اپنی جڑوں سے وابستگی کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر فلم کے ہدایت کار نتیش تیواری، پروڈیوسر نمیت ملہوترا اور شریک اداکار رنبیر کپور اور سائی پلوی بھی موجود تھے۔ یش اپنی اہلیہ رادھیکا پنڈت کے ساتھ تقریب میں پہنچے، جہاں مداحوں نے ان کا پُرجوش استقبال کیا۔

پریمیئر کا مقصد بھارتی رزمیہ داستان ’رامائن‘ کو عالمی سطح پر پیش کرنا اور اس کے ثقافتی ورثے کا جشن منانا تھا۔تقریب کے دوران یش نے زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا، ’آپ کی شروعات کہاں سے ہوئی، اس سے کبھی یہ طے نہیں ہوتا کہ آپ کتنی دور تک جا سکتے ہیں۔‘ انہوں نے کنڑ زبان میں حاضرین کو سلام کیا اور اپنی مادری زبان کے ساتھ بھارتی فلمی صنعت کا حصہ ہونے پر فخر کا اظہار کیا۔

یش نے کہا کہ بھارت صرف کہانیاں سناتا ہی نہیں، بلکہ انہیں یاد بھی رکھتا ہے اور نسل در نسل آگے بڑھاتا ہے۔ ان کے مطابق ’رامائن‘ ہزاروں برس سے بھارتی ثقافت اور داستان گوئی کی روایت کا ایک لازمی حصہ رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ فلم بھارتی ورثے کے پیغام کو دنیا بھر کے ناظرین تک پہنچانے میں کامیاب ہوگی۔

اس سے قبل پروڈیوسر نمیت ملہوترا نے یش کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے انہیں فلم کا سپر اسٹار قرار دیا اور ساتھ ہی اپنا پروڈکشن پارٹنر بھی بتایا۔ یش کی کمپنی ’مونسٹر مائنڈ کریئیشنز‘ اس پروجیکٹ میں شراکت دار ہے۔ اس طرح یش کا کردار صرف اداکاری تک محدود نہیں، بلکہ وہ فلم کی تیاری میں بھی اہم تعاون کر رہے ہیں۔

ہدایت کار نتیش تیواری کی نگرانی میں بنائی جا رہی فلم ’رامائن‘ کو دو حصوں میں بڑے پردے پر پیش کرنے کا منصوبہ ہے۔ بڑے پیمانے پر تیار کی جا رہی اس فلم میں بھارتی رزمیہ داستان کو جدید سنیما کے انداز میں پیش کرنے کی تیاری کی گئی ہے۔ فلم 5 نومبر کو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستھان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande