
ممبئی، 27 اکتوبر (ہ س)۔ ’دی لنچ باکس‘ جیسی معروف فلم کے ہدایت کار ریتیش بترا کی نئی فلم ’لانگ ایئرز ایگَو‘ کی شوٹنگ ممبئی میں شروع ہو گئی ہے۔ سنہ 1991 کے پس منظر میں بننے والی اس فیملی کامیڈی ڈراما فلم میں سیف علی خان، ودیا بالن اور فرانسیسی اداکارہ میلانی لوراں مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔
فلم کی کہانی ایک ایسے خاندان کے گرد گھومتی ہے، جس کے افراد اپنے دل کی ان کہی باتوں اور باہمی رشتوں کی پیچیدگیوں سے نبرد آزما ہیں۔ اس فلم کو جیّو اسٹوڈیوز، جیوتی دیش پانڈے کی قیادت میں پروڈیوس کر رہا ہے۔
ریتیش بترا نے فلم کے لیے اس باصلاحیت فنکاروں کی ٹیم کے ساتھ کام کرنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ان کے مطابق، تمام فنکار کہانی میں اپنی منفرد حساسیت اور گہرائی شامل کرتے ہیں۔ وہیں سیف علی خان کو فلم کا اسکرین پلے کافی دلچسپ لگا ہے۔ اداکار اس کہانی کی وسیع تر عوامی مقبولیت کے امکانات کو لے کر پُرجوش ہیں۔ اس فلم کے ذریعے ناظرین کو خاندانی رشتوں اور جذبات کی ایک منفرد دنیا دیکھنے کو ملے گی۔
ودیا بالن کے لیے بھی یہ فلم خاص اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ وہ طویل عرصے سے ریتیش بترا کے ساتھ کام کرنا چاہتی تھیں۔ سنہ 2013 میں ریلیز ہونے والی ہدایت کار کی فلم کو ملنے والی پذیرائی کے بعد سے ہی ان کے دل میں یہ خواہش تھی۔
دوسری جانب، ریتیش بترا اور میلانی لوراں کا ایک ساتھ آنا بھی ایک پرانے خواب کی تعبیر کے مترادف ہے۔ تقریباً 15 سال قبل دونوں نے مراکش میں منعقدہ فلم فیسٹیول کے دوران پہلی بار اس نوعیت کی فلم بنانے کے حوالے سے بات چیت کی تھی۔ اب ’لانگ ایئرز ایگَو‘ کے ذریعے ان کا یہ اشتراک حقیقت کا روپ اختیار کر رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی