
ممبئی، 26 اکتوبر (ہ س)۔ امت سادھ اور ایشا دیول کی اداکاری سے سجی آنے والی فلم ’پرتاپ‘ کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔ سچن صراف کی تحریر اور ہدایت کاری میں بنی اس ایکشن ڈراما فلم میں امت سادھ ایک انکاؤنٹر اسپیشلسٹ پولیس افسر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ مجرموں کو قانون کے کٹہرے تک پہنچانے والے اس افسر کی زندگی اس وقت بدل جاتی ہے، جب وہ خود سلاخوں کے پیچھے پہنچ جاتا ہے۔ ٹریلر میں اس کے ماضی، حال اور بدلتے حالات کی جھلک دکھائی گئی ہے۔
ٹریلر میں پرتاپ کی زندگی میں آنے والے اس غیر متوقع موڑ کے ساتھ کئی سوالات بھی اٹھتے ہیں۔ آخر کن حالات میں ایک معزز پولیس افسر کو جیل جانا پڑتا ہے اور وہاں اسے کن چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے؟ فلم میں ایکشن، تصادم اور جذباتی اتار چڑھاؤ کے ذریعے اس کہانی کو آگے بڑھایا گیا ہے۔ امت سادھ کے ساتھ ایشا دیول، سیما بسواس، تگمانشو دھولیا اور ملند گناجی بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔
امت سادھ کے مطابق، پرتاپ کا کردار انہیں اس لیے پسند آیا کیونکہ یہ ایک ایسے شخص کی کہانی ہے، جس نے اپنی پوری زندگی قانون نافذ کرنے میں گزاری، لیکن ایک دن خود قانون کے دوسری طرف کھڑا ہو گیا۔ ایشا دیول نے بھی فلم کی کہانی کو کئی تہوں پر مشتمل قرار دیا۔
ہدایت کار سچن صراف کے مطابق، یہ فلم فیصلوں، ان کے نتائج اور صحیح و غلط کے درمیان موجود باریک فرق کو پیش کرتی ہے۔
پردیپ رنگوانی کی پروڈیوس کردہ اور یو وی فلمز کے بینر تلے پیش کی جانے والی فلم ’پرتاپ‘ 20 نومبر 2026 کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستھان سماچار / عبدالسلام صدیقی