
ممبئی، 23 اکتوبر (ہ س)۔ بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان اور دیپیکا پدوکون ایک بار پھر بڑے پردے پر ایک ساتھ دکھائی دینے والے ہیں۔ دونوں اپنی آنے والی فلم ’کنگ‘ کے ایک گانے کی شوٹنگ کی تیاری کر رہے ہیں۔
رپورٹوں کے مطابق، اس گانے کی شوٹنگ 26 اکتوبر کو ممبئی میں کی جائے گی۔ اس گانے کی کوریوگرافی کی ذمہ داری ویبھوی مرچنٹ کو سونپے جانے کا امکان ہے۔ فلم میکرز نے گانے کی شوٹنگ کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ تاہم، ابھی تک گانے کے عنوان، موسیقار اور اس میں شامل دیگر فن کاروں کے بارے میں کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، اس گانے میں فلم کی پوری کاسٹ بھی شامل ہو سکتی ہے۔ اس سے پہلے شاہ رخ خان اور دیپیکا پدوکون کی فلم کے سیٹ سے کچھ ویڈیوز بھی سامنے آئی تھیں، جن میں دونوں کو گانے کی شوٹنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ تاہم، آنے والے گانے کے بارے میں فلم میکرز کی جانب سے ابھی تک باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
شاہ رخ خان اور دیپیکا پدوکون اس سے قبل ’اوم شانتی اوم‘، ’چنئی ایکسپریس‘ اور ’پٹھان‘ جیسی فلموں میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔ ایسے میں مداح دونوں کی جوڑی کو ایک بار پھر پردہ سیمیں پر دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔
سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’کنگ‘ کو شاہ رخ خان کی کمپنی ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے تیار کیا جا رہا ہے۔ فلم میں شاہ رخ خان اور دیپیکا پدوکون کے علاوہ سہانا خان، ابھیشیک بچن، رانی مکھرجی، جے دیپ اہلاوت اور ارشد وارثی بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔
اس ایکشن تھریلر فلم میں شاہ رخ خان ایک بار پھر زبردست ایکشن کرتے دکھائی دیں گے۔ فلم 24 دسمبر 2026 کو کرسمس کے موقع پر سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد