عامر خان 30 سالہ کیریئر پر جذباتی ہوئے
عامر خان 30 سالہ کیریئر پر جذباتی ہوئے ممبئی، 23 اکتوبر (ہ س)۔ اداکار عامر خان سنگاپور انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں اپنی زندگی اور کریئر کے تجربات شیئر کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ تقریباً تین دہائیوں تک کام کے تئیں جنون میں ڈوبے ر
عامر خان، فوٹو سورس ایکس


عامر خان 30 سالہ کیریئر پر جذباتی ہوئے

ممبئی، 23 اکتوبر (ہ س)۔ اداکار عامر خان سنگاپور انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں اپنی زندگی اور کریئر کے تجربات شیئر کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ تقریباً تین دہائیوں تک کام کے تئیں جنون میں ڈوبے رہنے کی وجہ سے وہ اپنے نجی رشتوں کو مناسب وقت نہیں دے سکے۔ کووڈ وبا کے دوران جب انہوں نے اپنی زندگی پر غور کیا، تب انہیں اس نقصان کا احساس ہوا۔ عامر نے کہا کہ چند برسوں تک کام میں پوری طرح مگن رہنا سمجھ میں آتا ہے، لیکن اگر یہ سلسلہ دہائیوں تک چلتا رہے تو زندگی کے اہم رشتے پیچھے چھوٹ جاتے ہیں۔ بچوں کے بڑے ہو کر بالغ ہو جانے کے بعد انہیں ایک گہرے خالی پن کا احساس ہوا۔ اپنی بات کہتے ہوئے وہ آنسو نہیں روک سکے اور کچھ دیر رکنے کے بعد انہوں نے سامعین سے معافی مانگی۔ اس پر پورا ہال تالیوں کی گونج سے گونج اٹھا۔

عامر نے بتایا کہ گزشتہ چار سالوں سے وہ جان بوجھ کر اپنے خاندان کے لیے زیادہ وقت نکال رہے ہیں، تاکہ کام ان کی پوری زندگی پر حاوی نہ ہو۔ انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ انہیں یہ احساس 56 سال کی عمر میں ہوا، نہ کہ 86 سال کی عمر میں، جب تبدیلی لانا مشکل ہو سکتا تھا۔ بات چیت کے دوران انہوں نے اپنے ابتدائی کیریئر کی جدوجہد کو بھی یاد کیا۔ عامر کے مطابق، پہلی فلم ’قیامت سے قیامت تک‘ کی غیر متوقع کامیابی کے بعد انہوں نے محض چھ ماہ میں نو فلمیں سائن کر لی تھیں۔ تاہم، ان میں سے کئی فلمیں باکس آفس پر کامیاب نہ ہو سکیں۔ اس کے بعد انہیں خوف ستانے لگا کہ کہیں انہیں ایک ہٹ فلم دے کر گمنام ہو جانے والے اداکار کے طور پر نہ یاد کیا جائے۔

مسلسل فلموں کی ناکامی سے عامر پر ذہنی اور جذباتی دباو بڑھ گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس دور میں وہ گھر لوٹ کر اپنی سابقہ اہلیہ رینا دتہ کے سامنے رو پڑے تھے۔ اپنی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے اداکار نے کہا کہ انہیں ایسا محسوس ہوتا تھا، جیسے وہ دلدل میں پھنستے جا رہے ہیں اور باہر نکلنے کی ہر کوشش انہیں مزید گہرائی میں دھکیل رہی ہے۔ واضح رہے کہ عامر نو سال بعد سنگاپور انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں پہنچے ہیں۔ اس سے قبل وہ سال 2017 میں اپنی فلم ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ کے سلسلے میں یہاں آئے تھے۔ اس بار وہ بطور پروڈیوسر اپنی فلم ’لگان‘ کی 25ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ خصوصی اسکریننگ میں شریک ہوئے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande