’اکّا‘ میں اقتدار کے لیے کیرتی سریش اور رادھیکا آپٹے کے درمیان ہوگی جنگ، ٹریلر جاری
ممبئی، 22 اکتوبر (ہ س)۔ نیٹ فلکس نے اپنی آنے والی سیریز ’اکّا‘ کا ٹریلر جاری کر دیا ہے۔ اس میں اداکارہ کیرتی سریش اور رادھیکا آپٹے کے درمیان اقتدار، وراثت اور انتقام کی جنگ دیکھنے کو ملے گی۔ یش راج فلمز انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے تیار کی گئی یہ گینگسٹ
اکا


ممبئی، 22 اکتوبر (ہ س)۔ نیٹ فلکس نے اپنی آنے والی سیریز ’اکّا‘ کا ٹریلر جاری کر دیا ہے۔ اس میں اداکارہ کیرتی سریش اور رادھیکا آپٹے کے درمیان اقتدار، وراثت اور انتقام کی جنگ دیکھنے کو ملے گی۔

یش راج فلمز انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے تیار کی گئی یہ گینگسٹر ڈراما سیریز ایک ایسی دنیا کی کہانی پیش کرتی ہے، جہاں خواتین کا غلبہ ہے اور اپنے اقتدار کو برقرار رکھنے کے لیے وہ ہر چیلنج کا سامنا کرنے کو تیار ہیں۔ سیریز کی ہدایت کاری اور تحریر دھرم راج شیٹی نے کی ہے۔ ’اکّا‘ 30 اکتوبر کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہوگی۔

ٹریلر میں پیرنورُو نامی ایک فرضی سلطنت کی جھلک دکھائی گئی ہے، جہاں نسل در نسل خواتین اقتدار سنبھالتی آئی ہیں اور اپنی وراثت کی حفاظت کرتی رہی ہیں۔ تاہم، ایک بیرونی شخص کی جانب سے چیلنج سامنے آنے کے بعد اس نظام میں تناؤ بڑھنے لگتا ہے۔ پرانے زخم تازہ ہوتے ہیں، وفاداری کا امتحان لیا جاتا ہے اور اقتدار کا توازن بگڑنے لگتا ہے۔

کہانی کے مرکز میں بھوانی (کیرتی سریش) اور رودرا (رادھیکا آپٹے) ہیں۔ دونوں کے نظریات اور عزائم ایک دوسرے سے مختلف ہیں، جس کی وجہ سے ان کے درمیان تصادم مزید شدت اختیار کر لیتا ہے۔ سیریز میں اقتدار کی کشمکش کے ساتھ خاندان، وفاداری اور انتقام کی کہانی بھی دیکھنے کو ملے گی۔

کیرتی سریش بھوانی کے کردار میں نظر آئیں گی، جو اپنی وراثت کی حفاظت کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے۔ وہیں، رادھیکا آپٹے رودرا کا کردار ادا کر رہی ہیں، جو قائم شدہ نظام کو چیلنج کرنے سے پیچھے نہیں ہٹتی۔

ان دونوں اداکاراؤں کے علاوہ تنوی اعظمی، مہیش منجریکر، انشومان پشکر اور مونیکا پوار بھی سیریز میں اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔

دھرم راج شیٹی کے مطابق، اس سیریز کے ذریعے گینگسٹر کہانیوں کو ایک مختلف دنیا اور نئے نقطۂ نظر کے ساتھ پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

نیٹ فلکس اور یش راج فلمز انٹرٹینمنٹ کی یہ شراکت داری اس سے قبل ’دی رومینٹکس‘، ’دی ریلوے مین‘، ’مہاراج‘ اور ’منڈالا مرڈرز‘ جیسے پروجیکٹس کے باعث بھی سرخیوں میں رہی ہے۔ اب ناظرین کو ’اکّا‘ میں اقتدار کی اس جنگ کا انتظار ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande