
ممبئی، 21 اکتوبر (ہ س)۔ اداکار سیف علی خان اور فلم ساز رتیش بترا کی آنے والی فلم میں اب پرینکا چوپڑا نظر نہیں آئیں گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس ان ٹائٹلڈ پیریڈ ڈرامے میں پرینکا کو مرکزی اداکارہ کے طور پر شامل کیا گیا تھا، لیکن پیشہ ورانہ مصروفیات کے باعث انہوں نے اس پروجیکٹ سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فلم کے ذریعے پہلی بار سیف علی خان اور پرینکا چوپڑا کو ایک ساتھ پردے پر دیکھنے کی امید لگائے بیٹھے مداحوں کو مایوسی ہو سکتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق، فلم کی شوٹنگ 21 اکتوبر سے ممبئی کے بائیکلہ علاقے میں واقع ایک میوزیم میں شروع ہونے کی خبر ہے۔
رپورٹ کے مطابق، پرینکا کو ممبئی میں ہونے والی شوٹنگ میں حصہ لینا تھا، لیکن دیگر پیشہ ورانہ مصروفیات کے باعث شوٹنگ کی تاریخوں میں تال میل نہیں ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق، پرینکا سیف علی خان اور رتیش بترا کے ساتھ کام کرنے کی خواہش مند تھیں۔ فلم سازوں نے شوٹنگ کے شیڈول میں تبدیلی کرنے کی کوشش بھی کی، لیکن بات نہیں بن سکی۔ اس کے بعد اداکارہ کو فلم چھوڑنے کا فیصلہ کرنا پڑا۔
پرینکا کے فلم سے الگ ہونے کے بعد فلم ساز ان کی جگہ کسی دوسری اداکارہ کو لینے کی تیاری کر رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، اس کردار کے لیے دو معروف اداکاراو¿ں سے بات چیت جاری ہے اور جلد ہی کسی ایک کے نام کا اعلان کیے جانے کی امید ہے۔ فی الحال ہدایت کار رتیش بترا سیف علی خان کے ساتھ فلم کی شوٹنگ آگے بڑھا رہے ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں سیف اپنے حصوں کی شوٹنگ کریں گے۔ تاہم، نئی اداکارہ اور فلم سے متعلق دیگر تفصیلات کے بارے میں باضابطہ اعلان کا انتظار ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد