
جلگاؤں، 2 اکتور (ہ س)۔ منشیات کی فروخت پر قابو پانے کے لیے جلگاؤں کی مقامی کرائم برانچ کی کارروائی میں 64.44 گرام ایم ڈی ڈرگس ضبط کرکے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے پالکھی ترسوڈ بائی پاس علاقے میں جال بچھاکر مشتبہ شخص کو حراست میں لیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت اجے برجو گارونگے کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق مقامی کرائم برانچ کو اطلاع ملی تھی کہ ایک شخص پالکھی ترسوڈ بائی پاس کے قریب کچرا فیکٹری کے علاقے میں ایم ڈی ڈرگس فروخت کرنے کے مقصد سے آنے والا ہے۔ اطلاع کی بنیاد پر پولیس ٹیم نے علاقے میں جال بچھایا اور مشتبہ شخص کے وہاں پہنچتے ہی اسے حراست میں لے لیا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 64.44 گرام ایم ڈی ڈرگس برآمد کی گئی۔پولیس کے مطابق ضبط شدہ منشیات کی اندازاً قیمت 1 لاکھ 93 ہزار 320 روپے ہے۔ ملزم کے قبضے سے تقریباً 20 ہزار روپے مالیت کا ایک موبائل فون بھی ضبط کیا گیا۔ اس طرح کارروائی میں ضبط کیے گئے مجموعی سامان کی قیمت 2 لاکھ 13 ہزار 320 روپے بتائی گئی ہے۔ اس معاملے میں جلگاؤں تعلقہ پولیس اسٹیشن میں این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 8 سی اور 22 سی کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس اب ایم ڈی ڈرگس کی سپلائی اور فروخت سے وابستہ پوری زنجیر کی تحقیقات کر رہی ہے۔پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزم اجے گارونگے کے خلاف اس سے قبل بھی مختلف نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق اس کے خلاف ایم ڈی اور گانجا رکھنے یا فروخت کرنے اور نقب زنی سمیت مجموعی طور پر 35 مقدمات درج ہیں۔ موجودہ معاملے میں پولیس کو شبہ ہے کہ اجے گارونگے سے وابستہ مزید دو مشتبہ افراد بھی اس سرگرمی میں شامل ہوسکتے ہیں۔ پولیس دونوں کی تلاش کر رہی ہے اور ایم ڈی ڈرگس کہاں سے حاصل کی گئی اور اس کی فروخت کے لیے کس نوعیت کا نیٹ ورک کام کر رہا تھا، اس کا پتہ لگانے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے