
نئی دہلی، 2 اکتوبر(ہ س )۔
عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ جمعہ کو ووٹ چوری کے خلاف پارلیمنٹ احاطے میں مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے دھرنے پر بیٹھ گئے۔ جب وہ پارلیمنٹ جا رہے تھے تو پولیس نے انہیں کچھ فاصلے پہلے ہی روک دیا۔ اس پر سنجے سنگھ نے سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ہمیں پارلیمنٹ جانے سے نہیں روک سکتی۔ کچھ دیر بعد پولیس نے انہیں پارلیمنٹ جانے دیا، جس کے بعد وہ باپو کے مجسمے کے سامنے گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے کو لے کر دھرنے پر بیٹھ گئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے آمریت کا خاتمہ یقینی ہے۔ نریندر مودی اور گیانیش کمار کو جانا ہی ہوگا۔جمعہ کو آپ کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ اپنے کچھ حامیوں کے ساتھ پارلیمنٹ کے لیے روانہ ہوئے۔ اس دوران پولیس نے انہیں روک دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک رکن پارلیمنٹ کو پارلیمنٹ جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔راشٹرپتی بھون کے سامنے پولیس نے روکا تو وہیں دھرنا شروع کر دیا۔ ووٹ چور گیانیش کو بچانے کے لیے مودی نے اپنی پوری پولیس مشینری لگا دی ہے۔ عوام ووٹ چوروں کو اقتدار سے باہر کرے گی۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ آج بابائے قوم مہاتما گاندھی کی یوم پیدائش کے موقع پر میں پارلیمنٹ احاطے میں باپو کے مجسمے کے نیچے موجود ہوں۔اسی پارلیمنٹ تک پہنچنے کے لیے نریندر مودی نے گیانیش کمار کے ساتھ مل کر بڑے پیمانے پر ووٹ چوری کی ہے اور پورے ملک میں 13 کروڑ 37 لاکھ لوگوں کے نام ووٹر لسٹ سے کاٹ دیے گئے ہیں۔ مختلف ریاستوں کی اسمبلیوں میں اقتدار حاصل کرنے کے لیے بھی بی جے پی نے اسی طرح ووٹ چوری کی ہے۔ آج جب اس ووٹ چوری کے خلاف آواز اٹھائی جا رہی ہے تو لوگوں کو بولنے نہیں دیا جا رہا ہے۔ جگہ جگہ گرفتاریاں کی جا رہی ہیں اور کھلے عام جمہوریت کا قتل ہو رہا ہے۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ جس باپو نے انگریزوں کی ظالمانہ حکومت کے خلاف پورے ملک کے عوام کو بیدار کرنے کا کام کیا تھا، آج ان کی یوم پیدائش کے موقع پر میں ان سے یہی دعا کر رہا ہوں کہ وہ ملک کے عوام کو ان کالے انگریزوں سے لڑنے کی طاقت دیں۔ باپو ہم وطنوں کو ووٹ چوری اور نریندر مودی، امت شاہ اور گیانیش کمار کی آمریت کے خلاف مضبوطی سے کھڑے ہونے کی طاقت عطا کریں۔ تمام ہم وطنوں سے اپیل ہے کہ اپنی اپنی جگہ آواز بلند کریں اور ووٹ چوری اور بی جے پی کی آمریت کے خلاف متحد ہو کر لڑیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais