
ممبئی، 19 اکتوبر (ہ س)۔ اداکارہ یامی گوتم دھر کی فلم ’نئی نویلی‘ نے ریلیز کے پہلے ویک اینڈ میں دنیا بھر میں 16.26 کروڑ روپے کا کاروبار کیا ہے۔ دسہرہ کے موقع پر ریلیز ہونے والی اس فلم کو شائقین کی جانب سے اچھا ردعمل مل رہا ہے۔
فلم نے پہلے دن 4.60 کروڑ روپے کمائے، جبکہ دوسرے دن اس کی کمائی بڑھ کر 5.70 کروڑ روپے ہو گئی۔ تیسرے دن فلم نے دنیا بھر میں مجموعی طور پر 5.96 کروڑ روپے کا کاروبار کیا۔ اس طرح تین دنوں میں فلم کی مجموعی عالمی کمائی 16.26 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔
’نئی نویلی‘ میں رامائن سے وابستہ تصورات اور ایک منفرد خاندان کی کہانی کو دیسی فینٹسی کے انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ فلم میں اوستھی خاندان کے ذریعے مزاح، جذبات اور خاندانی رشتوں کی عکاسی کی گئی ہے۔ تہوار کے موقع پر گھروالوں کے ساتھ فلم دیکھنے آنے والے شائقین کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے تفریح سے بھرپور سنیما کے تجربے کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ ابتدائی ویک اینڈ میں فلم کی کارکردگی کے پیش نظر آئندہ دنوں میں بھی بہتر کاروبار کی امید کی جا رہی ہے۔
بالاجی موہن کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کی کہانی ہمانشو شرما اور دیویہ ندھی شرما نے لکھی ہے۔ فلم میں یامی گوتم کے ساتھ آدیناتھ ایم کوٹھارے، انوراگ ٹھاکر، سنیتا راجوار، میتا وششٹھ، آدتیہ کلشریشٹھ، سسمیتا مکھرجی اور پرتیک پچوری بھی اہم کرداروں میں نظر آ رہے ہیں۔ آنند ایل رائے اور ہمانشو شرما اس کے پروڈیوسر ہیں، جبکہ موسیقی جی وی پرکاش کمار نے دی ہے۔ ایمیزون ایم جی ایم اسٹوڈیوز اور کلر ایلو کے بینر تلے بننے والی فلم’نئی نویلی‘ کی اسکریننگ ان دنوں سنیما گھروں میں کی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد