
ممبئی، 19 اکتوبر (ہ س)۔ اداکار سنی دیول کی آنے والی فلم ’سوریا‘ کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے۔ فلم میں سنی ایک ریٹائرڈ پولیس افسر کے کردار میں نظر آئیں گے، جو انصاف کے حصول کے لیے طبی نظام کو چیلنج کرتا ہے۔ ایم پدماکمار کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ ایکشن تھرلر فلم نظام کی خامیوں اور سچائی کی تلاش پر مبنی کہانی پیش کرتی ہے۔ فلم میں سنی دیول ایک بار پھر اپنے دبنگ اور غصے سے بھرپور انداز میں دکھائی دے رہے ہیں۔ ’سوریا‘ 20 نومبر 2026 کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ ٹیزر کی شروعات سنی دیول کے ایک مکالمے سے ہوتی ہے، جس میں وہ ڈاکٹر پر بھروسا کرنے والے مریض کی حالت اور اس کے ساتھ ہونے والے اعتماد کے فقدان کا سوال اٹھاتے ہیں۔ کہانی کا مرکزی کردار ایک ایسا شخص ہے، جو طبی نظام میں موجود خامیوں کے خلاف آواز بلند کرتا ہے اور انصاف حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کرتا ہے۔ اس لڑائی کے دوران اسے اپنے ماضی اور نجی زندگی سے جڑے کئی جذباتی پہلوؤں کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ٹیزر میں فلم کے ایکشن مناظر کے ساتھ ساتھ اس کے سنجیدہ موضوع کی جھلک بھی دکھائی گئی ہے۔ دیپک مکوٹ، ہیمنت مکوٹ اور لوکیش مکوٹ کے زیرِ پروڈکشن بننے والی فلم ’سوریا‘ میں سنی دیول کے ساتھ پرگیہ جیسوال، روی کشن اور ٹینو آنند بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ فلم کی کہانی طبی نظام، اعتماد اور انصاف جیسے موضوعات کے گرد گھومتی ہے۔ اب شائقین کو فلم کی ریلیز کا انتظار ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی