
ممبئی، 19 اکتوبر (ہ س)۔ سینئر اداکارہ ارونا ایرانی نے اپنے شوہر اور فلم ساز کوکو کوہلی کے انتقال کے تقریباً دو ماہ بعد دوبارہ کام شروع کر دیا ہے۔ اس مشکل دور میں ساتھ دینے اور حوصلہ بڑھانے کے لیے اداکارہ نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی ویڈیو شیئر کرکے بتایا کہ مداحوں سے ملنے والی محبت اور حمایت نے انہیں اس کٹھن وقت سے نکلنے کی طاقت دی ہے۔
ویڈیو میں ارونا ایرانی نے کہا کہ کوکو جی کے انتقال کے بعد لوگوں نے جس طرح ان کا ساتھ دیا، اس کے لیے وہ دل سے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید نہیں تھی کہ مشکل وقت میں اتنے لوگ ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ اداکارہ نے مداحوں کی اسی محبت کو اپنی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسی کی بدولت وہ دوبارہ کام شروع کر پائی ہیں۔ انہوں نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ مداحوں کا ساتھ انہیں زندگی کی آخری سانس تک ملتا رہے گا۔
فلم ساز کوکو کوہلی کا 25 اگست 2026 کو 77 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا تھا۔ وہ فلم ’پھول اور کانٹے‘ کی ہدایت کاری کے لیے مشہور تھے، جس کے ذریعے اداکار اجے دیوگن نے ہندی سنیما میں قدم رکھا تھا۔ کوکو کوہلی کی اہم فلموں میں ’سہاگ‘، ’حقیقت‘، ’کہرام‘ اور ’اناڑی نمبر 1‘ شامل ہیں۔ ان کے انتقال سے فلمی دنیا میں سوگ کی لہر دوڑ گئی تھی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی