
ممبئی، 18 اکتوبر (ہ س)۔ اداکار سلمان خان نے رئیلٹی شو ’بگ باس 20‘ کے ’ویک اینڈ کا وار‘ میں اپنے والدین سلیم خان اور سلمیٰ خان کی شادی سے متعلق ایک دلچسپ قصہ شیئر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سلمیٰ خان سے شادی کے بعد ان کے نانا نے تقریباً پانچ سال تک سلیم خان سے بات چیت نہیں کی تھی۔ سلمان کے مطابق، اس ناراضگی کی وجہ مذہب نہیں، بلکہ سلیم خان کی اس وقت فلم انڈسٹری میں جدوجہد اور مستقبل کو لے کر غیر یقینی صورتحال تھی۔ ان کے نانا کو فکر تھی کہ ان کی بیٹی کی زندگی ایک ایسے شخص کے ساتھ کیسے گزرے گی جو اداکار بننے کے لیے جدوجہد کر رہا ہے۔
سلمان نے بتایا کہ ان کے نانا نے شادی کے بعد طویل عرصے تک سلیم خان سے فاصلہ بنائے رکھا۔ البتہ چھوٹے بھائی سہیل خان کی پیدائش کے بعد رشتوں میں جمی برف پگھلنے لگی۔ سلمان کے مطابق، نانا ماہم سے باندرا تک جلیبی کا ڈبہ لے کر خاندان سے ملنے پہنچے تھے۔ یہ ملاقات دونوں خاندانوں کے درمیان دوریاں کم کرنے کا اہم سنگ میل ثابت ہوئی۔ بعد میں نانا نے اس بات پر افسوس کا اظہار بھی کیا کہ ناراضگی کی وجہ سے وہ اپنے نواسے نواسیوں کو بڑا ہوتے نہیں دیکھ سکے۔
سلمان نے یہ بھی بتایا کہ ان کے نانا نے ان کی والدہ سلمیٰ سے کہا تھا کہ ان کے گھر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، لیکن وہ اپنے شوہر سے جھگڑا کر کے واپس نہ آئیں۔ بات چیت کے دوران سلمان نے سلیم خان کی دوسری شادی اور خاندان میں اداکارہ ہیلن کے مقام کا بھی ذکر کیا۔ سلیم خان اور سلمیٰ کے پانچ بچے ہیں، جن میں سلمان، ارباز، سہیل، الویرا اور ارپتا شامل ہیں۔ بعد میں سلیم خان نے ہیلن سے شادی کی۔ سلمان کے مطابق، ان کی والدہ سلمیٰ نے ہیلن کو خاندان میں کھلے دل سے قبول کیا اور وقت کے ساتھ بچے بھی ان کے قریب آ گئے۔ آج ہیلن خان خاندان کا اہم حصہ ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن