
ممبئی، 16 اکتوبر(ہ س)۔
سپر اسٹار رجنی کانت کی فلم ’جیلر 2‘ نے 15 اکتوبر کو سنیما گھروں میں دستک دی۔ مثبت جائزوں اور مداحوں کے جوش و خروش کے درمیان فلم نے ہندوستانی باکس آفس پر پہلے دن 59.70 کروڑ روپے کا کاروبار کیا۔
تاہم، شاندار شروعات کے باوجود فلم رجنی کانت کی پچھلی فلم ’کلی‘ کے پہلے دن کے 65 کروڑ روپے کے کلیکشن کو پیچھے نہیں چھوڑ سکی۔ سیکنلک کے ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق، ’جیلر 2‘ نے ملک بھر میں 16,599 سے زیادہ شوز کے ذریعے یہ کمائی کی۔ وہیں، دنیا بھر میں فلم کا پہلے دن کا کاروبار 125.25 کروڑ روپے رہا۔
فلم کی کمائی میں تمل ورژن کا سب سے بڑا حصہ رہا۔ تمل زبان میں 9,326 شوز کے ذریعے 43.35 کروڑ روپے کی آمدنی ہوئی، جبکہ تیلگو ورژن نے 2,792 شوز کے ذریعے 12.50 کروڑ روپے کمائے۔ اس کے علاوہ کنڑ ورژن سے 35 لاکھ روپے کا کاروبار ہوا۔ ان اعداد و شمار کے مقابلے میں ہندی ورژن کی کمائی نسبتاً کم رہی۔
ہندی علاقوں میں فلم کی ریلیز متاثر ہونے کا اثر بھی اس کی کمائی پر پڑا۔ او ٹی ٹی ریلیز کی مدت سے متعلق تنازع کے باعث شمالی ہندوستان کے پی وی آر-آئنوکس سنیما گھروں میں فلم ریلیز نہیں ہوسکی۔ ہندی ورژن نے 4,371 شوز کے ذریعے صرف 3.50 کروڑ روپے کمائے۔مجموعی طور پر ’جیلر 2‘ نے پہلے دن باکس آفس پر مضبوط آغاز کیا ہے، لیکن اب اس کے سامنے رجنی کانت کی فلم ’کولی‘ کے پہلے دن کی کمائی کا ریکارڈ توڑنے کا چیلنج ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan