
ممبئی، 15 اکتوبر (ہ س)۔ اداکار شاہد کپور کی ویب سیریز ’فرضی‘ کے دوسرے سیزن کا انتظار کرنے والے شائقین کے لیے اچھی خبر ہے۔ شاہد نے بتایا ہے کہ دوسرے سیزن کی شوٹنگ تقریباً مکمل ہو چکی ہے۔ انہوں نے انسٹاگرام پر اپنے کردار سنی کے لک میں کچھ تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔
اداکار نے کہا کہ اپنے ساتھی فنکاروں کے ساتھ کام کرتے ہوئے انہیں محسوس ہوا کہ سبھی کے اندر ایک فنکار کے طور پر خود کو ثابت کرنے کا یکساں جذبہ ہے۔راج اور ڈی کے کی ہدایت کاری میں بننے والی ’فرضی‘ سال 2023 میں پرائم ویڈیو پر ریلیز ہوئی تھی۔ جرائم پر مبنی تھریلر اور بلیک کامیڈی کے منفرد امتزاج والی اس سیریز کو فلم شائقین نے پسند کیا تھا۔ اس کی کہانی اور فنکاروں کی اداکاری نے لوگوں کی توجہ حاصل کی تھی۔ پہلے سیزن کی کامیابی کے بعد سے ہی ناظرین اس کے اگلے حصے کا انتظار کر رہے ہیں۔
دوسرے سیزن میں کہانی کے پہلے سے زیادہ دلچسپ موڑ لینے کی توقع ہے۔ شوٹنگ تقریباً مکمل ہونے کے بعد اب شائقین کی نظریں اس کی ریلیز پر مرکوز ہیں۔ تاہم، دوسرے سیزن کی اسٹریمنگ کی باضابطہ تاریخ سامنے نہیں آئی ہے۔ ایسے میں شاہد کپور کے مداحوں کو سیریز کی ریلیز سے متعلق اگلے اعلان کا انتظار رہے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد