
علی گڑھ, 11 اکتوبر (ہ س)۔
جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ امراضِ نسواں و زچگی کی پروفیسر شاہین کو10 اکتوبر سے آئندہ تین سال کی مدت کے لیے شعبہ کا چیئرپرسن مقرر کیا گیا ہے۔ پروفیسر شاہین کو تدریس کا 26 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے اور وہ مئی 2016 سے پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔ وہ اسسٹیڈ ری پروڈکٹیو ٹینیکس (اے آر ٹی) یونٹ کی انچارج بھی ہیں، نیز حکومتِ ہند کی جانب سے منظور شدہ اے آرٹی یونٹ و ٹریننگ سنٹر پروجیکٹ کی کنوینر اور نوڈل افسر بھی ہیں۔ ان کی علمی اور تحقیقی سرگرمیوں کا محور تولیدی طب، زچگی کے دوران ہنگامی طبی حالات اور منیملی انویزیو سرجری ہے۔ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح کے تحقیقی مجلات میں 42 مقالات شائع کر چکی ہیں۔
اس کے علاوہ، انہوں نے ایک کتاب کی مشترکہ تدوین کی ہے اور مختلف کتابوں میں 7 ابواب تحریر کیے ہیں۔ وہ 26 پوسٹ گریجویٹ تحقیقی مقالات کی نگراں رہی ہیں اور متعدد خطبات پیش کر چکی ہیں۔ پروفیسر شاہین کو ان کی تحقیقی خدمات کے لئے اعزاز سے نوازا گیا ہے، جن میں حمل کے دوران ایکلیمپسیا کے علاج میں میگنیشیم سلفیٹ کے استعمال کے بعد ماؤوں کی صحت کے نتائج سے متعلق تحقیق بھی شامل ہے، جسے ولیمز آبسٹیٹرکس کے 25ویں ایڈیشن میں شامل کیا گیا۔ وہ 2020 سے 2023 تک یونیورسٹی کے سروجنی نائیڈو ہال کی پرووسٹ بھی رہ چکی ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ