اے ایم یو کے شعبہ سیاسیات میں کاربن کے اخراج میں کمی کے موضوع پر مذاکرہ کا اہتمام
علی گڑھ, 11 اکتوبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ سیاسیات نے آرٹس فیکلٹی لاؤنج میں ‘‘ کاربن کے اخراج میں کمی: ہندوستانی کاربن مارکیٹ بطور پبلک پالیسی ٹول’’ کے موضوع پر ایک مذاکرہ منعقد کیا، جس میں اساتذہ اور طلبہ نے ماحولیاتی حکمرانی اور
شعبہ سیاسیات


علی گڑھ, 11 اکتوبر (ہ س)۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ سیاسیات نے آرٹس فیکلٹی لاؤنج میں ‘‘ کاربن کے اخراج میں کمی: ہندوستانی کاربن مارکیٹ بطور پبلک پالیسی ٹول’’ کے موضوع پر ایک مذاکرہ منعقد کیا، جس میں اساتذہ اور طلبہ نے ماحولیاتی حکمرانی اور کم کاربن معیشت کی جانب ہندوستان کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے سابق ڈین پروفیسر اسمر بیگ نے اجلاس کی صدارت کی۔ یہ پروگرام شعبے کے صدر پروفیسر محمد نفیس احمد انصاری کی نگرانی میں منعقد ہوا۔

پرائس واٹر ہاؤس کاپرز انڈیا میں موسمیات اور توانائی کے شعبے کی ایسوسی ایٹ کنسلٹنٹ محترمہ آکانکشا سین گپتا نے خصوصی مقرر کی حیثیت سے خطاب کیا۔ انھوں نے کاربن کی قیمتوں کے تعین، کاربن ٹیکس اور اخراج کی تجارت کے نظام پر گفتگو کرتے ہوئے یورپی یونین، کوریا اور چین کی مثالیں پیش کیں۔ انہوں نے لازمی ضوابط پر مبنی اور رضاکارانہ کاربن بازاروں میں فرق واضح کیا اور ہندوستان کی کاربن کریڈٹ ٹریڈنگ اسکیم (سی سی ٹی ایس) ، اس کے لازمی تعمیل اور اخراج میں کمی کے متبادل طریقہ کار، نیز نگرانی، تصدیق اور نفاذ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

پروگرام کے بعد محترمہ سین گپتا نے کنسلٹنگ کریئر میں مستقبل بنانے کے خواہش مند طلبہ سے گفتگو کی۔ انہوں نے طلبہ کو سی وی تیار کرنے، لنکڈ اِن کے ذریعہ پیشہ ورانہ روابط قائم کرنے اور قومی و بین الاقوامی اداروں میں انٹرن شپ کے لیے درخواست دینے کے بارے میں مشورے دیے۔ انہوں نے طلبہ کو مختلف شعبوں میں دستیاب مواقع تلاش کرنے اور درخواست دینے میں ہچکچاہٹ سے گریز کرنے کی تلقین کی ۔

شعبہ سیاسیات کی طالبہ ثانیہ حسن نے کلماتِ تشکر ادا کئے، جب کہ شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کے طالب علم انشول سکروار نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande