
علی گڑھ, 11 اکتوبر (ہ س)۔
اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول (بوائز) میں انٹراسکول اسپورٹس میٹ کے تیسرے دن ایتھلیٹکس کے مقابلے منعقد ہوئے، جن میں سینئر اور جونیئر طلبہ نے حصہ لیا۔
اتر پردیش ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے نائب صدر اور اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول (گرلز) کے اسپورٹس ٹیچر مسٹر شمشاد نثار اعظمی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ ایتھلیٹکس کے مقابلوں کا آغاز مشعل روشن کرنے کے ساتھ ہوا۔
اسکول کے پرنسپل مسٹر افروز علی نے شرکاء کا استقبال کیا اور طلبہ کی زندگی میں کھیلوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ مسٹر شمشاد نثار اعظمی نے طلبہ کو ایتھلیٹکس میں حصہ لینے کی ترغیب دیتے ہوئے نظم و ضبط، جسمانی صحت اور کھیل کے جذبے کو فروغ دینے میں کھیلوں کے کردار پر روشنی ڈالی۔ اسپورٹس کوآرڈنیٹر مسٹر رئیس احمد نے بھی کھیلوں کی اہمیت پر اظہار خیال کیا۔
سینئر زمرے میں سید حامد سینئر سیکنڈری اسکول (بوائز) نے 400 میٹر اور 800 میٹر کی دوڑ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ 400 میٹر دوڑ میں اے بی کے ہائی اسکول (بوائز) نے دوسری اور ایس ٹی ایس اسکول نے تیسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ 800 میٹر دوڑ میں ایس ٹی ایس اسکول دوسرے اور آر ایم پی ایس اے ایم یو سٹی اسکول تیسرے مقام پر رہا۔ ڈسکس تھرو میں آر ایم پی ایس اے ایم یو سٹی اسکول نے پہلا، ایس ٹی ایس اسکول نے دوسرا اور سید حامد سینئر سیکنڈری اسکول (بوائز) نے تیسرا مقام حاصل کیا۔ لانگ جمپ میں سید حامد سینئر سیکنڈری اسکول (بوائز) اوّل رہا، جبکہ ایس ٹی ایس اسکول نے دوسرا اور آر ایم پی ایس اے ایم یو سٹی اسکول نے تیسرا مقام حاصل کیا۔
جونیئر زمرے میں پہلی جماعت سے پانچویں جماعت تک کے طلبہ نے حصہ لیا۔ لیمن اینڈ اسپون ریس میں عبداللہ اسکول نے پہلا مقام، ایس ٹی ایس اسکول نے دوسرا اور اے بی کے ہائی اسکول (بوائز) نے تیسرا مقام حاصل کیا۔ تین ٹانگوں کی دوڑ میں ایس ٹی ایس اسکول اوّل رہا، جبکہ اے بی کے ہائی اسکول (بوائز) نے دوسرا اور عبداللہ اسکول نے تیسرا مقام حاصل کیا۔ فراگ جمپ ریس میں اے بی کے ہائی اسکول (بوائز) نے پہلا، ایس ٹی ایس اسکول نے دوسرا اور آر ایم پی ایس اے ایم یو سٹی اسکول نے تیسرا مقام حاصل کیا۔ اسٹینڈنگ لانگ جمپ میں ایس ٹی ایس اسکول نے پہلا مقام ، آر ایم پی ایس اے ایم یو سٹی اسکول دوسرا اور اے بی کے ہائی اسکول (بوائز) نے تیسرا مقام حاصل کیا۔ 4 × 50 میٹر ریلے دوڑ میں ایس ٹی ایس اسکول نے پہلا مقام، آر ایم پی ایس اے ایم یو سٹی اسکول نے دوسرا اور اے بی کے ہائی اسکول (بوائز) نے تیسرا مقام حاصل کیا۔ مسٹر رئیس احمد، مسٹر محمد عمران خان اور محترمہ ندا عثمانی نے مقابلوں کو مربوط کیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ