
علی گڑھ, 11 اکتوبر (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے احمدی اسکول برائے نابیناطلبہ میں اسپورٹس ہفتہ کا آغاز مختلف مقابلوں کے ساتھ ہوا۔
اے ایم یو میں اسکول ایجوکیشن کی ڈائریکٹر پروفیسر قدسیہ تحسین نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اسکول کے قائم مقام پرنسپل سید احتشام اکبر نے ان کا خیرمقدم کیا اور طلبہ کی شخصیت سازی میں کھیلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اسپورٹس ہفتہ کا افتتاح غبارے چھوڑ کر کیا گیا، جس کے بعد حسن احمد کی قیادت میں کھیلوں سے متعلق حلف لیا گیا اور مشعل روشن کی گئی۔
پرائمری زمرے میں بستہ ترتیب دینے کی دوڑ میں فاطمہ لاریب نے پہلا مقام، عنایہ نے دوسرا اور یش گپتا نے تیسرامقام حاصل کیا۔ گیند آگے پہنچانے کے کھیل میں ٹیم اے فاتح رہی، جبکہ کروکوڈائل ریس میں محمد اعظم اور ونش کمار نے کامیابی حاصل کی۔ سینئر سیکنڈری زمرے میں رسہ کشی میں محمد اعظم، ارون کمار، سیف علی، ریحان، مہزاب علی، سلیمان داؤد اور ریان احمد پر مشتمل ٹیم نے پہلا مقام حاصل کیا۔
پروفیسر قدسیہ تحسین نے اسکول کی کوششوں کو سراہتے ہوئے طلبہ کو ڈسپلن اور ٹیم ورک کے ساتھ کھیلوں میں حصہ لینے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ کھیل خود اعتمادی، قائدانہ صلاحیتوں اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تقریب کی نظامت ارم فاطمہ نے کی۔ گیمز ٹیچرز ثنا رضا اور حمیرا رئیس نے پروگرام کے انعقاد میں رہنمائی کی۔ ثنا رضا نے اظہار تشکر کیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ