
نئی دہلی، 10 اکتوبر (ہ س)۔ جنتر منتر پر مظاہرے کے لیے دہلی پہنچے کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے بانی ابھیجیت دیپکے کو طیارے کے اندر سے ہی حراست میں لے لیا گیا۔ ان کے ساتھ سوربھ داس اور آشوتوش رانکا بھی موجود ہیں۔ دہلی پولیس اس وقت کسی بھی صورت میں سی جے پی کے کارکنوں کو جنتر منتر جانے سے روکنے کے لیے پوری طرح مستعد ہے۔
آج جنتر منتر کے مظاہرے میں شرکت کے لیے دیپکے، سوربھ اور رانکا کے ہمراہ ممبئی ایئرپورٹ سے روانہ ہوئے۔ دہلی میں آئی جی آئی ایئرپورٹ پر انہیں طیارے سے اترنے نہیں دیا گیا اور وہیں سے حراست میں لے لیا گیا۔ اس واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ ابھیجیت نے کہا کہ وہ یہاں گرفتار ہونے آئے ہیں۔ دہلی پولیس کے جوانوں نے ان سے کہا، ”نہیں، یہ گرفتاری نہیں ہے۔ براہِ کرم تعاون کریں۔“
اس سے قبل دہلی پولیس نے سی جے پی کے آج مجوزہ مظاہرے کے شروع ہونے سے پہلے حال ہی میں جرمنی سے لوٹے معروف یوٹیوبر دھرو راٹھی کو حراست میں لے لیا تھا۔ راٹھی کو ہریانہ کے ان کے گروگرام میں واقع رہائش گاہ سے حراست میں لیا گیا ہے۔ دہلی پولیس صبح تقریباً 7.48 بجے ان کے گھر (سیکٹر 56 میں واقع سینٹرل پارک وہار) میں داخل ہوئی۔ یہاں راٹھی کا خاندان رہتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ رات کو ہی دہلی پولیس کے قریب 50 جوان سادہ لباس میں دھرو کے گھر کے باہر اور آس پاس تعینات ہو گئے تھے۔ یوٹیوبر راٹھی کچھ دن قبل اس مظاہرے میں شامل ہونے کے لیے جرمنی سے وطن واپس لوٹے تھے۔
دھرو راٹھی معروف یوٹیوبر، سوشل میڈیا انفلوئنسر، سیاسی اور سماجی مبصر ہیں۔ وہ بنیادی طور پر حالاتِ حاضرہ، سماجی و سیاسی مسائل، ماحولیات اور تاریخ جیسے موضوعات پر تجزیاتی ویڈیوز بنانے کے لیے جانے جاتے ہیں۔ 08 اکتوبر 1994 کو روہتک (ہریانہ) میں پیدا ہوئے، ان کے والد انجینئر اور والدہ ٹیچر ہیں۔ اعلیٰ تعلیم کے لیے وہ 17 سال کی عمر میں جرمنی چلے گئے تھے۔
دھرو نے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد 2014 میں اپنے یوٹیوب چینل کا آغاز کیا۔ شروع میں انہوں نے ایک آئی فون کی مدد سے ٹریول ولاگز (سیاحت سے وابستہ ویڈیوز) بنا کر اپلوڈ کیے۔ اس کے بعد انہوں نے ملک و دنیا کے سنگین سیاسی، معاشی اور سماجی مسائل کو آسان زبان میں اعداد و شمار (ڈیٹا) اور گرافکس کے ساتھ سمجھانا شروع کیا۔ ان کے اس ’فیکٹ چیکنگ‘ اور ’ایجوکیشنل‘ انداز کو لوگوں نے بے حد پسند کیا۔
انہوں نے ہندوستانی ناظرین کے لیے کئی علاقائی زبانوں (جیسے تمل، تیلگو، بنگالی وغیرہ) میں بھی چینل لانچ کیے ہیں۔ ان کے تمام ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو ملا کر کروڑوں فالوورز ہیں۔ صرف ان کے مرکزی یوٹیوب چینل پر ہی 40 ملین (چار کروڑ) سے زائد سبسکرائبرز موجود ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن