
نئی دہلی، یکم اکتوبر (ہ س)۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے جمعرات کو کہا کہ دنیا کے کئی حصوں میں جنگ اور تنازعات کا ماحول ہے اور ایسے وقت میں مہاتما گاندھی کا امن اور عدم تشدد کا پیغام مزید اہم اور مربوط ہو جاتا ہے۔
گاندھی جینتی کے موقع پر قوم سے اپنے خطاب میں صدر جمہوریہ نے کہا کہ وہ ملک کے عوام کی جانب سے بابائے قوم مہاتما گاندھی کی 157ویں سالگرہ پر انہیں عقیدت کے ساتھ خراجِ عقیدت پیش کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی جی کی زندگی اور ان کے نظریات کا عالمی برادری وسیع پیمانے پر احترام کرتی ہے۔
مرمو نے کہا کہ آج دنیا کے کئی حصوں میں جنگ اور تنازعات کا ماحول ہے، جس کے اثرات تمام ممالک پر پڑ رہے ہیں۔ ایسے حالات میں مہاتما گاندھی کا امن اور عدم تشدد کا پیغام پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت اختیار کر جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت 2047 تک ترقی یافتہ بھارت بننے کے قومی ہدف کی سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ اس سفر میں ہمدردی اورسب کو ساتھ لے کر چلنے ( شمولیت )کی اقدار کو ترجیح دی جا رہی ہے، تاکہ کوئی بھی شہری ترقی کے ثمرات سے محروم نہ رہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ یہ نقطہ نظر مہاتما گاندھی کے ’سروودیہ‘ کے تصور کی عکاسی کرتا ہے، جو سب کی فلاح و بہبود اور ترقی کے اصول پر مبنی ہے۔
انہوں نے گاندھی جینتی کے موقع پر ملک کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اخلاقی طرزِ عمل اور فعال شرکت کے ذریعے ایک مضبوط، ترقی یافتہ اور خود کفیل بھارت کی تعمیر کے عزم کو ایک بار پھر دہراتے ہوئے اس مقصد میں اپنا کردار ادا کریں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ