
ناگور، 8 جنوری (ہ س)۔ راجستھان میں مسلسل گھنے دھند کی وجہ سے سڑک حادثات کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ جمعرات کی صبح ناگور ضلع میں نیشنل ہائی وے 58 پر ایک اسکارپیو اور بس میں زبردست ٹکر ہوگئی۔ خوفناک حادثے میں تین افراد ہلاک اور پانچ شدید زخمی ہو گئے۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ اسکارپیو مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
یہ حادثہ سورپالیہ تھانہ علاقہ میں سورپالیہ بائی پاس بس اسٹینڈ کے قریب صبح پیش آیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گھنی دھند کے باعث حد نگاہ بہت کم تھی جس کی وجہ سے ڈرائیور سامنے سے آنے والی گاڑیوں کو نہیں دیکھ پا رہے تھے۔
حادثے کے بعد اسکارپیو کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ متعدد افراد سڑک پر اچھل کر گرگئے جبکہ دیگر گاڑی کے اندر پھنس گئے۔ دو لوگوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جب کہ زخمیوں کو سورپالیہ میں ابتدائی طبی امداد کے بعد ناگور کے جے ایل این اسپتال ریفر کیا گیا۔ ایک اور نوجوان اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جس سے ہلاکتوں کی تعداد تین ہو گئی۔
اطلاع ملتے ہی سرپالیہ تھانہ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی۔ مقامی لوگوں کی مدد سے گاڑی میں پھنسے زخمیوں کو کافی کوشش کے بعد نکال لیا گیا۔ تمام زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال لے جایا گیا جہاں پانچ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔
پولیس نے جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کی لاشیں سرکاری اسپتال کے مردہ خانہ میں جمع کرا دیں۔ فی الحال متوفی کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ گھنی دھند اور کم حد نگاہ حادثے کی بڑی وجہ تھی۔
حادثے کے بعد سورپالیہ بائی پاس پر ٹریفک کی آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی۔ سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں اور تقریباً دو گھنٹے تک ٹریفک جام رہا۔ پولیس نے تباہ شدہ اسکارپیو اور بس کو سڑک سے ہٹانے کے لیے کرین کا استعمال کیا جس کے بعد ٹریفک آہستہ آہستہ بحال ہو گئی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد