
گنگا ساگر میلہ علاقے میں آگ لگنے سے کئی عارضی کیمپ خاک
کولکاتا، 09 جنوری (ہ س)۔ عالمی شہرت یافتہ گنگا ساگر میلہ شروع ہونے سے پہلے آج کپالمنی مندر کے پاس نمبر-2 سڑک کے کنارے نصب کردہ کئی عارضی کیمپوں میں اچانک آگ لگ گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے ہوگلا (پتوں) سے بنی جھونپڑیاں دہک اٹھیں اور کچھ ہی دیر میں ایک کے بعد ایک کیمپ پوری طرح جل کر خاک ہو گئے۔
ابتدائی جانکاری کے مطابق، میلہ علاقے میں مختلف سرکاری محکمے عارضی کیمپوں کی تعمیر کرا رہے ہیں۔ ان میں سرکاری افسران، محکمہ اطلاعات و ثقافت کے ملازمین اور صحافیوں کے ٹھہرنے کا انتظام کیا جانا تھا۔ ان میں اچانک آگ لگنے سے افراتفری مچ گئی۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں پہنچیں۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے سخت مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔ اس حادثے میں اب تک کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ آگ لگنے کی وجوہات کا اب تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ اس کی وجوہات کی جانچ فائر بریگیڈ نے شروع کر دی ہے۔
میلہ انتظامیہ نے واقعے کی تفصیلی جانچ کے احکامات دیے ہیں۔ میلے کی سیکورٹی کی ذمہ داری سنبھال رہے ایک سینئر افسر نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات کی جانچ کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے۔ گنگا ساگر میلے میں عقیدت مندوں کے آنے کا سلسلہ اتوار کو شروع ہو جائے گا۔ ہفتے بھر میں تقریباً 40 سے 50 لاکھ لوگوں کے پہنچنے کا امکان ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن