
اتر پردیش آلودگی کنٹرول بورڈ کو ہدایت- ذمہ دار کمپنیوں سے 17-17 لاکھ کا معاوضہ دو ماہ میں وصول کریں
نئی دہلی، 09 جنوری (ہ س)۔ نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی) نے 2023 میں وارانسی میں گنگا کنارے بنائے گئے ٹینٹ سٹی کو ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ این جی ٹی چیئرپرسن پرکاش شریواستو نے اتر پردیش آلودگی کنٹرول بورڈ کو ہدایت دی کہ وہ وارانسی میں گنگا کنارے ٹینٹ سٹی بسانے کے لیے ذمہ دار کمپنیوں سے 17-17 لاکھ کا معاوضہ دو مہینے میں وصول کرے۔
عرضی سوربھ تیواری نے دائر کی تھی۔ عرضی میں وارانسی میں ٹینٹ سٹی کی تعمیر میں ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کی شکایت کی گئی تھی۔ عرضی پر سماعت کرتے ہوئے این جی ٹی نے مارچ 2023 میں شکایت کی پڑتال کرنے کے لیے سات رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ کمیٹی نے مختلف ماحولیاتی خلاف ورزیوں کو صحیح پایا جس کے بعد یو پی آلودگی کنٹرول کمیٹی نے ٹینٹ سٹی قائم کرنے والے دو اداروں پر نومبر 2023 میں 17-17 لاکھ روپے کا معاوضہ وصولنے کا حکم دیا۔
دراصل وارانسی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے میسرز پرویگ کمیونی کیشنز انڈیا لمیٹڈ اور میسرز نِران دی ٹینٹ سٹی کے ساتھ شہر کی ترقی کے لیے ایک معاہدہ کیا تھا۔ اس معاہدے کے تحت وارانسی کے چیٹ گھاٹ کے سامنے ٹینٹ سٹی قائم کی گئی تھی۔ سماعت کے دوران وارانسی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے کہا کہ ٹینٹ سٹی 15 جنوری سے 31 مئی تک چلایا گیا تھا۔ جب یہ معاملہ این جی ٹی میں آیا اس کے بعد ریاستی حکومت نے ٹینٹ سٹی کے پروجیکٹ کو آگے نہیں بڑھانے کا فیصلہ کیا۔
عرضی میں کہا گیا تھا کہ اس ٹینٹ سٹی کی وجہ سے گنگا آلودہ ہو رہی ہے اور اس سے قدرت کو کافی نقصان ہو رہا ہے۔ عرضی میں کہا گیا تھا کہ ٹینٹ سٹی بغیر ماحولیاتی اجازت کے ہی قائم کی گئی تھی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن