
ممبئی، 8 جنوری (ہ س)۔ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا ہے کہ بالاصاحب ٹھاکرے نے عام لوگوں کو ان کے حق کا مستقل مکان دینے کا جو خواب دیکھا تھا، اسے حقیقت میں بدلنے کے لیے حکومت مسلسل کام کر رہی ہے۔ وہ ورلی، شیوڑی اور سائن کولی واڑا کے علاقوں میں نکالی گئی انتخابی تشہیری ریلی کے دوران سائن کولی واڑا میں منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے، جہاں شہریوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد شریک رہی۔
جلسے میں خطاب کرتے ہوئے ایکناتھ شندے نے کہا کہ ممبئی کی تقریباً 20 ہزار عمارتوں کو جلد آکوپیشن سرٹیفکیٹ فراہم کیے جائیں گے، تاکہ شہریوں کو ان کے نام پر مستقل گھر مل سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ عبوری کیمپوں میں مقیم افراد کو درپیش مسائل کے حل کے لیے حکومت سنجیدہ ہے اور گیس پائپ لائن، پانی اور بجلی جیسی بنیادی سہولتوں کے کام تیز رفتاری سے انجام دیے جا رہے ہیں۔
ریلوے کی زمین پر واقع علاقوں کی بازآبادکاری کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ریلوے وزیر کے ساتھ اس معاملے پر مسلسل گفتگو جاری ہے۔ پرتیچھا نگر، سردار نگر، ساوتری بائی پھلے نگر اور سدھارتھ نگر کے ایم آئی جی عمارتوں کی ترقی کے لیے سرکاری سطح پر ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے اپوزیشن کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آنے والے انتخابات میں عوام مہایوتی کے حق میں فیصلہ دیں گے اور ممبئی میونسپل کارپوریشن پر دوبارہ بھگوا جھنڈا لہرانے کے لیے کارکنوں کو یکجہتی کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے