
جموں، 09 جنوری (ہ س)۔ جموں و کشمیر حکومت نے اسپیشل سیکورٹی فورس (ایس ایس ایف) کے اہلکاروں کے لیے ابتدائی اور سالانہ تجدیدی یونیفارم الاؤنس کی منظوری دے دی ہے۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق ایس ایس ایف کے اہلکاروں کو ابتدائی یونیفارم الاؤنس کے طور پر 20 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے، جو چھ ماہ کے وقفے سے دو مساوی اقساط میں ادا ہوں گے۔
اس کے علاوہ سالانہ تجدیدی یونیفارم الاؤنس کی رقم 5 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جو ابتدائی یونیفارم الاؤنس کی آخری قسط وصول ہونے کے ایک سال بعد قابلِ ادائیگی ہوگی۔
حکام کے مطابق یہ سہولت صرف ایس ایس ایف اہلکاروں تک محدود رہے گی، ان کی خصوصی نوعیت اور ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اور اسے جموں و کشمیر پولیس کے دیگر کیڈرز یا کسی دوسرے سرکاری محکمے کے لیے مثال نہیں بنایا جائے گا۔
حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ نیا منظور شدہ یونیفارم الاؤنس، اس وقت ایس ایس ایف اہلکاروں کو دیے جانے والے ڈریس اور کِٹ مینٹیننس الاؤنس کی جگہ لے گا۔یہ منظوری محکمہ مالیات کی منظوری کے بعد عمل میں لائی گئی ہے اور یہ حکم لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر کی ہدایت پر جاری کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر