
- رات کے وقت کئی شہروں میں کم از کم درجہ حرارت 10 ڈگری سیلسیس سے نیچے
بھوپال، 05 جنوری (ہ س)۔ مدھیہ پردیش اس وقت شدید سردی، سردی کی لہر اور گھنی دھند کی زد میں ہے۔ اتوار کی صبح پوری ریاست میں دھند کی چادر چھائی رہی، جب کہ آج پیر کو بھوپال میں اس موسم کی سب سے زیادہ گھنی دھند درج کی گئی۔ شہر میں حد نگاہ 20 میٹر سے بھی کم ہو گئی۔ اتوار کو بھی دن بھر دھند چھائی رہی جس سے معمولات زندگی متاثر ہوئے۔ شدید سردی اور دھند کے پیش نظر ریاست کے 18 اضلاع کے اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی بھوپال اور دھار اضلاع میں بچوں کو سردی سے راحت دینے کے لیے اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی کی گئی ہے۔
سردی کی لہر کا اثر گوالیار، دتیا، نیواڑی، چھتر پور، امریا، راج گڑھ سمیت کئی اضلاع میں دیکھا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو روز تک ریاست میں ایسا ہی موسم رہنے کا امکان ہے۔ پیر کی صبح بھوپال، اندور، اجین، دیواس، سیہور، رائسین، آگر مالوا، شاجاپور، ودیشا، ساگر، دموہ، گنا، اشوک نگر، شیو پوری، شیوپور، مورینا، بھنڈ، گوالیار، ٹیکم گڑھ،پنا، ستنا، ریوا، مؤگنج، سیدھی، سنگرولی ،میہر، شہڈول، امریا اور کٹنی میں گھنا کوہرا چھایا رہا۔ محکمہ موسمیات نے راج گڑھ، دتیا، چھتر پور اور امریا میں دن کے وقت بھی سردی کی لہر کا الرٹ جاری کیا ہے۔
گھنی دھند کا الرٹ
آئندہ 6 جنوری کو گوالیار، بھنڈ، مورینا، دتیا، شیوپور، شیوپوری، نیواڑی، ٹیکم گڑھ، چھتر پور، پنا، ستنا، ریوا، میہر، مؤگنج، سیدھی اور سنگرولی کے لیے دھند کی وارننگ دی گئی ہے۔ 7 جنوری کو گوالیار، شیو پور، شیوپوری، بھنڈ مورینا،دتیا،ٹیکمگڑھ، چھتر پور، نیواڑی، پنا، ستنا، میہر، ریوا، سیدھی، مؤگنج اور سنگرولی میں کوہرا چھائے رہنے کا امکان ہے۔
درجہ حرارت میں گراوٹ
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کی رات کئی شہروں میں کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سیلسیسسے نیچے چلا گیا۔ راج گڑھ میں 5 ڈگری سیلسیس، دتیا میں 5.1 ڈگری، پچمڑھی میں 6.4، شیو پوری میں 7 ڈگری، رتلام میں 7.4 ڈگری، شیوپور اور منڈلا میں 7.6 ڈگری، کھجوراہو میں 8 ڈگری، کھنڈوا میں 9 ڈگری، گونا میں 9.1 ڈگری، دھار میں 9.2 اور امریا میں گونا میں 9.4ڈگری درجہ حرارت درج کیا گیا۔ریاست کے پانچ بڑے شہروں میں گوالیار سب سے سرد رہا، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 6.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ بھوپال میں درجہ حرارت 10.8 ڈگری، اندور میں 11.8 ڈگری، اجین میں 11.4 ڈگری اور جبل پور میں 11 ڈگری سیلسیس رہا۔
دھند کے باعث آمدورفت بھی متاثر ہوئی ہے۔ مالوا، سچکھنڈ اور شتابدی سمیت دہلی سے آنے والی کئی ٹرینیں مقررہ وقت سے پیچھے چل رہی ہیں۔ بھوپال ہوائی اڈے پر بھی دھند کی وجہ سے پروازیں ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوئیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد