اردو، اسلامی اور اخلاقی صحافت کے ایک عہد کا خاتمہ، سہ روزہ دعوت کے ایڈیٹر پرواز رحمانی صاحب کا انتقال
نئی دہلی،06جنوری(ہ س)۔اردو صحافت، خصوصاً اسلامی، اخلاقی اور نظریاتی صحافت کے میدان میں آج ایک ناقابلِ تلافی نقصان پیش آیا۔ معروف صحافی اور جماعتِ اسلامی ہند کے ترجمان سہ روزہ دعوت کے ایڈیٹر پرواز رحمانی صاحب کا آج انتقال ہو گیا۔ ان کے انتقال سے ارد
اردو، اسلامی اور اخلاقی صحافت کے ایک عہد کا خاتمہ، سہ روزہ دعوت کے ایڈیٹر پرواز رحمانی صاحب کا انتقال


نئی دہلی،06جنوری(ہ س)۔اردو صحافت، خصوصاً اسلامی، اخلاقی اور نظریاتی صحافت کے میدان میں آج ایک ناقابلِ تلافی نقصان پیش آیا۔ معروف صحافی اور جماعتِ اسلامی ہند کے ترجمان سہ روزہ دعوت کے ایڈیٹر پرواز رحمانی صاحب کا آج انتقال ہو گیا۔ ان کے انتقال سے اردو صحافت کے ایک ایسے عہد کا خاتمہ ہو گیا ہے جو اصول پسندی، حق گوئی اور صحافتی دیانت کی روشن مثال تھا۔امیرِ حلقہ جماعتِ اسلامی ہند، دہلی سلیم اللہ خان صاحب نے مرحوم کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پرواز رحمانی صاحب کی ادارت میں شائع ہونے والا سہ روزہ دعوت نہ صرف جماعتِ اسلامی ہند کا ترجمان تھا بلکہ تحریکِ اسلامی کی بے باک، ذمہ دار اور باوقار ترجمانی کی نمایاں مثال بھی تھا۔ انہوں نے کہا کہ دعوت نے ہمیشہ حق بات کو دلیل، شائستگی اور اصول کے ساتھ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ سہ روزہ دعوت کے ذریعے صحافت کے حدود و آداب کی پاسداری کرتے ہوئے ملی، قومی اور سماجی مسائل کو اجاگر کیا گیا۔ پرواز رحمانی صاحب کی قیادت میں دعوت نے کبھی سنسنی خیزی یا غیر ذمہ داری کا راستہ اختیار نہیں کیا بلکہ اخلاقی صحافت کی مضبوط روایت قائم کی۔

امیرِ حلقہ نے مرحوم کے معروف کالم “خبر و نظر” کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کالم پرواز رحمانی صاحب کی فکری گہرائی، حالاتِ حاضرہ پر مضبوط گرفت اور صحافتی بصیرت کا آئینہ دار تھا۔ قارئین بڑی بے چینی سے انتظار کرتے تھے کہ خبر و نظر میں اس بار کیا تجزیہ اور کون سی اہم بات سامنے آئے گی، اور یہی کالم دعوت کی شناخت بن چکا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ پرواز رحمانی صاحب ایک بے باک مگر شائستہ، سلجھے ہوئے اور صاحبِ اصول صحافی تھے۔ ان کے انتقال سے اردو صحافت، بالخصوص اسلامی و اخلاقی صحافت ایک مضبوط ستون سے محروم ہو گئی ہے۔آخر میں امیرِ حلقہ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے اور اہلِ خانہ، احباب اور پوری صحافتی برادری کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Md Owais Owais


 rajesh pande