
نئی دہلی،06جنوری(ہ س)۔ آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت ممتاز صحافی پرواز رحمانی کے انتقالِ پرملال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتی ہے۔ ان کا انتقال اردو صحافت بالخصوص ملت کے فکری و صحافتی حلقوں کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ ان خیالات کا اظہار مشاورت کے صدر فیروزاحمد ایڈوکیٹ نے جماعت اسلامی ہند کے ترجمان سہ روزہ دعوت کے سابق ایڈیٹر پرواز رحمانی کے انتقال پر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک باوقار، سنجیدہ اور اصول پسند صحافی تھے۔ انہوں نے اپنے طویل صحافتی سفر میں قلم کو امانت، خبر کو ذمہ داری اور صحافت کو سماجی و اخلاقی فریضہ سمجھا۔ اخبار دعوت کی ادارت کے دوران انہوں نے حق گوئی، فکری توازن اور ملت کے اجتماعی مسائل کو باوقار انداز میں اجاگر کرنے کی روشن روایت قائم کی۔ ان کی تحریروں میں نہ اشتعال تھا نہ سطحیت، بلکہ بصیرت، درد مندی اور ذمہ دارانہ اظہار نمایاں تھا۔مشاورت مرحوم کی صحافتی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے اردو صحافت کو محض اطلاع رسانی کا ذریعہ نہیں رہنے دیا بلکہ اسے فکری رہنمائی اور سماجی شعور بیدار کرنے کا موثر وسیلہ بنایا۔ انہوں نے جن نوجوانوں کی تربیت کی وہ ان کے بعد بھی اس روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ ان کی کمی طویل عرصے تک محسوس کی جاتی رہے گی۔آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت مرحوم کے اہل خانہ، رفقائے کار، ادارہ دعوت کے وابستگان اور تمام اہل صحافت سے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی حسنات کو قبول کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais