
علی گڑھ, 05 جنوری (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے وزارت تعلیم، نئی دہلی میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی، جہاں وزیر اعظم نریندر مودی کی یومِ آزادی کے موقع پر کئی گئی تقاریر پر مشتمل اردو مجموعے”خطباتِ مودی“ کی رسمِ اجرا عمل میں آئی۔ اس مجموعہ کو قومی کونسل برائے فروغِ اردو زبان (این سی پی یو ایل) کی جانب سے شائع کیا گیا ہے، جس میں گزشتہ ایک دہائی کے دوران یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ سے کی گئی وزیر اعظم مودی کی تقاریر کو اردو زبان میں پیش کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد اردو قارئین تک ان خطبات کی رسائی کو ممکن بنانا اور عصری عوامی مکالمے میں اردو زبان کے مقام کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ اس مجموعے کا اجرا مرکزی وزیر تعلیم جناب دھرمیندر پردھان نے کیا، جنہوں نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب وزیر اعظم کے ہمہ گیر ترقی، قومی یکجہتی اور اجتماعی ذمہ داری کے وژن کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان تقاریر کا اردو میں ترجمہ لسانی شمولیت کی جانب ایک بامعنی قدم ہے اور یہ اردو کو ہندوستان کے ثقافتی اور فکری ورثے کا ایک لازمی حصہ تسلیم کیے جانے کا اظہار ہے۔ پروگرام میں شرکت کے لئے مدعو کئے جانے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہا کہ اس نوعیت کے اقدامات علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے علمی اور ثقافتی مزاج سے ہم آہنگ ہیں، جس نے تاریخی طور پر علم و تحقیق، مکالمہ اور افکار کی زبان کے طور پر اردو کے تحفظ و فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ تقریب میں متعدد معزز شخصیات نے شرکت کی، جن میں جناب ونیت جوشی (سکریٹری، اعلیٰ تعلیم)، جناب چامو کرشن شاستری (چیئرمین، بھارتیہ بھاشا سمیتی)، ڈاکٹر محمد شمس اقبال (ڈائریکٹر، این سی پی یو ایل) اور وزارتِ تعلیم کے سینئر حکام شامل تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ