
این ایم سی نے کٹرا میڈکل کالج میں ایم بی بی ایس کورس کو منسوخ کیا
جموں، 07 جنوری (ہ س)۔ نیشنل میڈیکل کمیشن (این ایم سی) نے کم از کم تعلیمی و انتظامی معیارات کی سنگین خلاف ورزیوں کا حوالہ دیتے ہوئے جموں کے شری ماتا ویشنو دیوی میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس کورس چلانے کی منظوری فوری طور پر منسوخ کر دی ہے۔ این ایم سی کے مطابق یہ اقدام 2023 کے ضوابط کی کھلی خلاف ورزی کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔ فیصلے کے تحت کالج میں زیرِ تعلیم تمام موجودہ ایم بی بی ایس طلبہ کو دیگر تسلیم شدہ میڈیکل کالجوں میں منتقل کیا جائے گا۔
اسی طرح تعلیمی سیشن 2025-26 کے لیے منظور شدہ 50 ایم بی بی ایس نشستیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ کالج کی بینک گارنٹی ضبط کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم کمیشن نے واضح کیا ہے کہ تمام طلبہ کی نشستیں محفوظ رہیں گی اور انہیں جموں و کشمیر کے تسلیم شدہ میڈیکل کالجوں میں سپرنیمری نشستوں کے تحت ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب جموں میں بی جے پی اور شری ماتا ویشنو دیوی سنگھرش سمیتی کی جانب سے طویل عرصے سے مسلسل احتجاج کیا جا رہا تھا۔
مظاہرین کا الزام تھا کہ ایک مخصوص طبقے کے طلبہ کو ہندوؤں کے چندے سے چلنے والے اس تعلیمی ادارے میں داخلہ دے کر عوامی جذبات کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا ہے۔ ادھر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی اس معاملے پر سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسی جگہ پر اپنے بچوں کو تعلیم دینا پسند نہیں کریں گے جہاں مذہب کے نام پر سیاست کی جا رہی ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی تعلیمی ادارے میں اس طرح کی سیاست ہو رہی ہے تو ایسے کالج کو بند کر دینا ہی بہتر ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر