حماس غزہ میں مستقل جنگ بندی کی کسی بھی تجویز کو قبول کرنے کیلئے راضی
غزہ،07ستمبر(ہ س)۔حماس نے اعلان کیا کہ وہ ایسی تمام تجاویز اور خیالات کے لیے کھلے پن کا مظاہرہ کرہی ہے جو غزہ میں مستقل فائر بندی کو یقینی بنائیں۔ یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب علاقائی اور عالمی سطح پر ایک جامع معاہدے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔
حماس غزہ میں مستقل جنگ بندی کی کسی بھی تجویز کو قبول کرنے کیلئے راضی


غزہ،07ستمبر(ہ س)۔حماس نے اعلان کیا کہ وہ ایسی تمام تجاویز اور خیالات کے لیے کھلے پن کا مظاہرہ کرہی ہے جو غزہ میں مستقل فائر بندی کو یقینی بنائیں۔ یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب علاقائی اور عالمی سطح پر ایک جامع معاہدے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔حماس نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ 18 اگست کو فلسطینی دھڑوں کے ساتھ مل کر ثالثوں کے پیش کردہ فائر بندی منصوبے کی منظوری کے اپنے عزم کو دہراتی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ وہ ایسے کسی بھی خیال کو قبول کرنے کے لیے تیار ہے جو مستقل جنگ بندی، غزہ سے اسرائیلی فوج کے مکمل انخلا، بغیر کسی شرط کے امداد کی فراہمی اور قیدیوں کے حقیقی تبادلے کو ثالثوں کے ذریعے ہونے والی سنجیدہ بات چیت میں ممکن بنائے۔امریکی ایلچی اسٹیو وِٹکوف نے مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے اس حوالے سے فون پر بات کی۔ادھر اسرائیلی ریڈیو نے خبر دی کہ وزیر اعظم کے قریبی ساتھی رون ڈرمر امریکہ کا دورہ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں تاکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے حکام سے ملاقات کر سکیں۔ یہ دورہ اس وقت کیا جا رہا ہے جب غزہ میں فوجی کارروائیاں اور قیدیوں کے تبادلے پر مذاکرات جاری ہیں۔ریڈیو کے مطابق مصر، امریکہ اور قطر اس وقت ایک نئے منصوبے پر کام کر رہے ہیں جس میں تمام قیدیوں کی بیک وقت رہائی شامل ہے۔اسرائیلی میڈیا نے نیتن یاھو کے قریب ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ حکومت ممکنہ طور پر قیدیوں کے تبادلے کے ایک جامع معاہدے کے لیے فوجی کارروائیاں روک سکتی ہے، تاہم وہ کسی جزوی معاہدے پر راضی نہیں ہوگی۔ ذرائع نے واضح کیا کہ فائر بندی اسی صورت ممکن ہے جب مکمل فریم ورک دستیاب ہو جو چند دنوں میں نافذ کیا جا سکے۔میدان جنگ میں اسرائیلی فوج کے ایک عہدیدار نے چینل 12 کو بتایا کہ آئندہ ہفتے غزہ شہر میں کارروائیاں تیز کی جائیں گی اور ان کا محور فضائی حملوں میں شدت لانا ہوگا۔ عہدیدار کے مطابق حالیہ دنوں میں کم از کم 90 ہزار افراد غزہ شہر سے بے گھر ہو چکے ہیں۔ہفتے کو اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں دوسرا رہائشی ٹاور تباہ کر دیا اور شہریوں کو ہدایت دی کہ وہ شہر چھوڑ کر جنوب میں المواصی کے علاقے میں منتقل ہو جائیں۔ فوج مسلسل زمینی حملے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔غزہ کے سول ڈیفنس کے مطابق ہفتے کے روز اسرائیلی فائرنگ سے 46 افراد جاں بحق ہوئے جن میں بڑی تعداد شیخ رضوان محلے کے رہائشیوں کی تھی۔اسرائیلی طیاروں نے ہفتے کو غزہ شہر کے مغربی محلوں پر ہزاروں پمفلٹ گرائے جن میں لوگوں سے انخلا کا مطالبہ کیا گیا۔ بعد ازاں فوج نے اعلان کیا کہ اس نے ایک اور ٹاور کو نشانہ بنایا، جسے عینی شاہدین نے برج السوسی قرار دیا۔ اس سے قبل جمعے کو برج مشہی کو بھی تباہ کیا گیا تھا۔اسرائیلی حکومت نے حال ہی میں شمالی غزہ پر کنٹرول کی ایک منصوبہ بندی کی منظوری دی ہے، جہاں اس وقت اسرائیلی فوج تقریباً 75 فیصد علاقے پر قابض ہے۔ فوج نے اعلان کیا ہے کہ وہ شہر پر بڑے پیمانے پر زمینی حملے کے لیے تیار ہے، جہاں اقوام متحدہ کے مطابق تقریباً دس لاکھ افراد محصور ہیں اور جس کے بارے میں عالمی ادارہ انسانی المیے سے خبردار کر رہا ہے۔ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande