نئی دہلی، 4 ستمبر(ہ س )۔
سیلاب کی تباہ کاری جھیل رہے پنجاب کے عوام کی مدد کے لیے جمعرات کو بھی عام آدمی پارٹی نے امدادی سامان اکٹھا کر کے پنجاب روانہ کیا۔ جمعہ کی صبح آپ کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے امدادی سامان سے بھرے ٹرک کو دہلی سے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ آپ کے قومی کنوینر اروند کیجریوال کی اپیل پر پارٹی کے کارکن کمبل، مچھر دانی، ٹینٹ، چپل، ترپال سمیت دیگر ضروری اشیاءپنجاب بھیج رہے ہیں۔ سینئر لیڈر اور پنجاب کے انچارج منیش سسودیا نے ایکس پر کہا کہ پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے دیش بھر سے عام آدمی پارٹی کے لیڈر اور کارکن دن رات ایک کر کے خدمت میں لگے ہوئے ہیں۔ جمعرات کو رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ امدادی سامان لے کر پنجاب پہنچ رہے ہیں اور خود متاثرہ خاندانوں کے درمیان جا کر مدد کا ہاتھ بڑھائیں گے۔ادھر دہلی سے امدادی سامان کو پنجاب روانہ کرتے ہوئے سنجے سنگھ نے کہا کہ پنجاب اس وقت سیلاب کی بھیانک تباہ کاریوں سے دوچار ہے۔ کئی اضلاع سیلاب کی زد میں ہیں۔ لوگ مشکلات اور پریشانیوں میں گھیرے ہوئے ہیں۔ پنجاب کے عوام کو اس وقت دیش واسیوں کی مدد کی سخت ضرورت ہے۔ پنجاب وہ ریاست ہے جس نے ہمیشہ دیش اور دنیا میں کہیں بھی کوئی آفت، زلزلہ، طوفان یا بھاری بارش آئی تو سب سے پہلے بڑھ چڑھ کر متاثرین کی مدد کی ہے۔ پنجاب نے ہر مشکل گھڑی میں ملک کی عوام کا ساتھ دیا ہے۔ آج وقت ہے کہ ہم پنجاب کا ساتھ دیں۔ تمام اہل وطن پنجاب کے عوام کی مدد کے لیے آگے آئیں۔سنجے سنگھ نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے پارٹی کے ہر کارکن اور ممبر سے اپیل کی ہے کہ وہ امدادی سامان جمع کریں اور راحت رسانی کے کاموں میں حصہ لیں۔ پنجاب میں زیادہ سے زیادہ مدد پہنچانے کی کوشش کریں۔ اسی مہم کے تحت ہم نے جمعرات کو یہ قدم اٹھایا ہے اور ٹرک کے ذریعے امدادی سامان پنجاب بھیج رہے ہیں۔ جس میں کمبل، مچھر دانی، چپلیں، ترپال اور دیگر ضروری چیزیں شامل ہیں، جن کی اس وقت وہاں سب سے زیادہ ضرورت ہے۔سنجے سنگھ نے کہا کہ میں خود پنجاب جا کر اس مہم میں شامل ہوں گا اور آپ کے دیگر اراکین کے ساتھ راحت رسانی کے کاموں میں حصہ لوں گا۔ میں دیش کی عوام سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ ضرورت کی چیزیں اکٹھی کریں اور پنجاب بھیجیں۔ میں ایک بار پھر اروند کیجریوال کی اپیل پر دیش کی عوام سے گزارش کرتا ہوں کہ سامان جمع کر کے پنجاب روانہ کریں۔ اگر لوگ خود راحت کے کاموں میں شامل ہو سکتے ہیں تو آئیے، مل کر پنجاب کا ساتھ دیں۔واضح رہے کہ بدھ کو بھی عام آدمی پارٹی نے پنجاب کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے دہلی سے ایک ٹرک امدادی سامان اکٹھا کر کے پنجاب بھیجا تھا۔ امدادی سامان لے کر خود آپ کے دہلی پردیش کنوینر سوربھ بھاردواج گئے تھے اور پنجاب پہنچ کر انہوں نے امدادی سامان کو سیلاب سے متاثرہ لوگوں میں تقسیم کیا تھا۔ ساتھ ہی، انہوں نے سیلاب سے متاثرہ کئی علاقوں کا دورہ بھی کیا اور متاثرین سے ملاقات کر کے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais