کولکاتہ، 03 ستمبر (ہ س)۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی جنرل سکریٹری سنیل بنسل نے بدھ کے روز مغربی بنگال میں ووٹر لسٹ کے خصوصی نظر ثانی (ایس آئی آر) کی پرزور وکالت کی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی ووٹ کی سیاست کے لیے بنگلہ دیشی دراندازوں کو تحفظ فراہم کر رہی ہیں۔
بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری نے کولکاتہ میں ون نیشن ون الیکشن کے موضوع پر منعقد ایک پروگرام میں کہا کہ ہم بنگلہ دیشی دراندازوں کو ملک سے نکالنے کی مسلسل کوشش کر رہے ہیں۔ لیکن کچھ سیاسی پارٹیاں، خاص کر ترنمول کانگریس، ان دراندازوں کو بچانے میں لگی ہوئی ہیں تاکہ وہ ووٹر لسٹ میں رہیں۔ یہ ان کا سیاسی مفاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں بہار میں الیکشن کمیشن کی مدد سے ایس آئی آر کیا جا رہا ہے۔ آئین واضح کرتا ہے کہ صرف ہندوستانی شہریوں کو ووٹ دینے کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دراندازوں کو نکالنے کا پہلا قدم ان کے نام ووٹر لسٹ سے نکالنا ہے۔ لیکن جیسے ہی ایسا ہوگا، ممتا بنرجی سب سے پہلے اس کی مخالفت کریں گی۔
مسٹر بنسل نے ترنمول کانگریس، آر جے ڈی اور کانگریس پر بھی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹیاں ووٹوں کے لیے دراندازوں کی حمایت کرتی ہیں۔ راہل گاندھی اور تیجسوی یادو کا نام لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ لیڈر بھی ایسے لوگوں کے حق میں کھڑے ہیں کیونکہ وہ ان کے ووٹ چاہتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن 2026 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل مغربی بنگال میں بھی ایس آئی آر کرانے کی تیاری کر رہا ہے، اس سمت میں ابتدائی قدم اٹھائے گئے ہیں۔ تاہم وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے واضح کر دیا ہے کہ وہ ریاست میں ایسی مشق نہیں ہونے دیں گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ