مرکزی حکومت نے ایک اعلیٰ سطحی بین وزارتی ٹیم کو چار روزہ دورے پر جموں روانہ کیا
جموں، 4 ستمبر (ہ س)۔ حالیہ طوفانی بارشوں اور تباہ کن سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے مرکزی حکومت نے ایک اعلیٰ سطحی بین وزارتی ٹیم کو چار روزہ دورے پر جموں روانہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ جموں کے ڈویژنل کمشنر رمیش کمار کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جس میں ٹیم کے سربراہ اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے جوائنٹ سکریٹری کرنل کرتی پرتاپ سنگھ بھی شریک تھے۔ اجلاس میں بادل پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ٹیم آئندہ چار روز کے دوران متاثرہ اضلاع کا دورہ کر کے نقصانات کی مکمل رپورٹ مرتب کر کے حکومتِ ہند کو پیش کرے گی۔ ٹیم میں شاہراہ، بجلی، دیہی ترقی، زراعت، جل شکتی اور مالیات کی وزارتوں کے نمائندے شامل ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سڑکوں، بجلی و پانی کی فراہمی سمیت اہم ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ املاک اور انسانی جانوں کا بھی بڑا نقصان ہوا ہے۔ ڈویژنل کمشنر نے مرکزی ٹیم کو جاری امدادی سرگرمیوں اور جانیں بچانے کے لیے پولیس، فوج، این ڈی آر ایف اور دیگر اداروں کی کوششوں سے آگاہ کیا۔
اسی دوران کشمیر میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر چیف کریٹری اٹل ڈلونے بھی اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ غذائی اجناس، گیس اور ایندھن کی سپلائی ہر حال میں برقرار رکھی جائے، حساس مقامات پر پیشگی انخلا کے اقدامات کیے جائیں اور عوام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے بروقت امداد یقینی بنائی جائے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر