جموں, 3 ستمبر (ہ س)۔ بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) نے بدھ کے روز ایک غیرمعمولی اور جرات مندانہ آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹر کی مدد سے اکھنور سیکٹر کے سیلاب زدہ گاؤں سے 45 افراد کو بحفاظت نکالا، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔
اطلاعات کے مطابق گرکھل علاقے کے فتو کوٹلی گاؤں میں دریائے چناب کے پانی کی سطح خطرے کے نشان 42 فٹ سے کئی فٹ اوپر چلی گئی، جس کے نتیجے میں مقامی آبادی پانی میں محصور ہو گئی۔ پولیس، این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی مسلسل کوششوں کے باوجود متاثرہ افراد کو نکالا نہ جا سکا۔
انتظامیہ کو جب صورتحال کی سنگینی کی اطلاع ملی تو اعلیٰ سول اور پولیس افسران فوری طور پر موقع پر پہنچے۔ متاثرین سے رابطہ قائم کرنے میں ناکامی کے بعد سول انتظامیہ نے بی ایس ایف سے ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کی درخواست کی تاکہ قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے۔
بی ایس ایف نے فوری ردعمل دیتے ہوئے ہیلی کاپٹر روانہ کیا، جس نے تین پروازوں کے ذریعے 45 محصور شہریوں کو شدید بارش کے باوجود محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر