لکھنو میں نوجوان نے اپنی حاملہ بیوی کو تیز دھار ہتھیار سے قتل کردیا، ماں زخمی
لکھنو، 18 ستمبر (ہ س)۔ اتر پردیش کی راجدھانی لکھنو کے گڈمبا تھانہ علاقے میں بدھ کی رات ایک نوجوان نے کسی بات پر مشتعل ہو کر اپنی حاملہ بیوی اور ماں پر تیز دھار ہتھیار (بانکا) سے حملہ کر دیا۔ بیوی علاج کے دوران دم توڑ گئی اور اس کی ساس شدید زخمی ہے۔ پڑوسیوں نے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
ابتدائی جانچ سے پتہ چلا ہے کہ اصل میں بارہ بنکی کے فتح پور کا رہنے والا انکور اپنے خاندان کے ساتھ گڈمبا کے دسولی گاوں کے رہنے والے رام سنگھ کے مکان میں رہتا ہے۔ بدھ کی رات انکور اور اس کی حاملہ بیوی نیلم کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہوا۔ جھگڑا اتنا بڑھ گیا کہ غصے میں آکر انکور نے نیلم پر بانکے سے تابڑتوڑ وار کر دیا۔ بہو کی چیخیں سن کر ماں پھول متی نے بیچ بچاو کی کوشش کی تو انکور نے اس پر بھی حملہ کردیا۔ ملزم نے بھاگنے کی کوشش کی تو پڑوسیوں نے اسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ زخمی ساس اور بہو کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے نیلم کو مردہ قرار دے دیا۔
تھانہ انچارج نے بتایا کہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس سے قتل میں استعمال کیا گیا بانکا برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن