بہار میں 14 افراد پر تیزاب سے حملہ، ایک درجن سے زائد اسپتال میں داخلارریہ، 18 ستمبر(ہ س)۔ ضلع کے آر ایس تھانہ علاقہ کے تحت مٹیاری وارڈ نمبر 1 میں جھگڑے میں ایک فریق کے 14 افراد پر دوسرے فریق کے لوگوں نے تیزاب سے حملہ کردیا۔ اس واقعہ میں ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے جن میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔ مٹیاری وارڈ نمبر 1 میں سریندر ساہ کا بیٹا کچھ دوسرے نوجوانوں کے ساتھ رنجیت یادو نامی شخص کے گھر میں بیٹھ کر اسمیک پی رہا تھا۔ تب ہی رنجیت وہاں پہنچے اور موجود نوجوانوں کوسمجھایا، اس کے بعد وہ اپنے گھر واپس آ گئے۔ اس واقعہ سے نشے کے عادی نوجوانوں کو غصہ آگیا، جنہوں نے پھر رنجیت یادوکے بھانجے کی سائیکل توڑ دی۔ گاؤں والوں کو واقعہ کا علم ہوا تو وہ جائے وقوعہ پر پہنچے۔ بات چیت کے دوران نشے میں دھت نوجوانوں نے کسی طرح کمرے کے دروازے کو بند کر دیا۔ اس کے بعد وہاں موجود لوگوں پر سریندر ساہ کے بیٹے مہیش ساہ اور خاتون سمیت دیگر لوگوں نے تیزاب سے حملہ کر دیا جس میں ایک درجن سے زیادہ لوگ بری طرح زخمی ہوگئے ہیں۔ آناً فاناً میں مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔جہاں تمام لوگوں کا علاج جاری ہے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی صدرایس ڈی پی او سشیل کمار، ٹاؤن تھانہ انچارج منیش کمار اور آر ایس تھانہ انچارج سمیت بڑی تعداد میں پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور فوری کارروائی کرتے ہوئے چھ لوگوں کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ گچھ شروع کردی۔ واقعہ دیر رات پیش آیا ۔ پورا علاقہ پولیس کیمپ میں تبدیل ہو گیا ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan