ایشیا کپ 2025 : پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے میچ سے قبل پریس کانفرنس منسوخ کر دی
دبئی، 17 ستمبر (ہ س)۔ پاکستان نے بدھ کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے خلاف ایشیا کپ 2025 کے اپنے اہم میچ سے قبل اپنی پری میچ پریس کانفرنس منسوخ کر دی۔ حالانکہ ٹیم نے اپنا پریکٹس سیشن جاری رکھا، جو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اکیڈمی کے اسی کمپلیکس میں ہوا، جہاں ہندوستانی ٹیم بھی مشق کر رہی تھی۔ یہ سب حال ہی میں ہوئے ہینڈشیک تنازعہ کے بعد پرکشیدہ ماحول میں ہوا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی سے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کی اپیل کی تھی لیکن اپیل مسترد کر دی گئی۔ پائی کرافٹ نے ہند- پاک میچ سے قبل پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کو آگاہ کیا تھا کہ وہ ٹاس کے دوران اپنے ہندوستانی ہم منصب سوریہ کمار یادو سے مصافحہ نہیں کریں گے۔ اس سے یہ قیاس آرائیاں ہوئیں کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے خلاف میچ سے دستبردار بھی ہو سکتا ہے۔ حالانکہ فی الحال پائی کرافٹ ہی اس میچ میں ریفری کا کردار ادا کرنے والے ہیں۔
یہ میچ پاکستان اور یو اے ای دونوں کے لیے کرو یا مرو کی صورتحال ہے کیونکہ فاتح سپر فور کے لیے کوالیفائی کر لے گا۔ ہندوستان نے لگاتار دو جیت درج کرنے کے بعد پہلے ہی سپر فور کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے منگل کی شام چھ بجے سے تین گھنٹے تک شدید گرمی میں پریکٹس کی۔ دوسری جانب پاکستان نے رات 8 بجے سے تقریباً 20 منٹ تک ہلکے پھلکے انداز میں فٹ بال وارم اپ کیا۔
ہندوستانی کی جانب سے سنجو سیمسن، اکشر پٹیل اور ہاردک پانڈیا نے نیٹ میں پہلے بلے بازی کی، اس کے بعد شبھمن گل اور سوریہ کمار یادو نے پچ پر ہاتھ آزمایا۔ اس دوران ہرشیت رانا نے کچھ طاقتور شاٹس کھیلے جن میں سے ایک چھکا پاکستانی ٹیم کے پریکٹس گراونڈ کی طرف چلا گیا۔
ہندوستانی گیند بازوں نے نسبتاً ہلکی پریکٹس کی کیونکہ انہوں نے پچھلے دو میچوں میں میدان پر کافی وقت گزارا ہے۔ وہیں گرم اور امس بھرے موسم کو دیکھتے ہوئے امید کی جا رہی ہے کہ تیز گیند باز جسپریت بمراہ کو جمعہ کو عمان کے خلاف میچ میں آرام دیا جا سکتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن