نوادہ، 15 ستمبر (ہ س)۔ بہار کے نوادہ ضلع کے سردلاتھانہ کے بھٹونیا گاؤں میں پیر کے روزگاؤں والوں نے اس بار ووٹ کا بائیکاٹ کرنے کا بڑا اعلان کیا ہے۔ گاؤں کے باہر بڑے بڑے پوسٹر لگا کر انھوں نے واضح پیغام دیا ہے کہ ’’ سڑک نہیں تو ووٹ نہیں‘‘۔گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ آزادی کے 77 سال بعد بھی ان کے گاؤں تک پکی سڑک نہیں پہنچی۔ بارش کے موسم میں کیچڑ اور گڑھوں سے گزرنا ان کی مجبوری بن جاتا ہے۔ کئی بار بیمار مریضوں کو بروقت اسپتال نہیں پہنچایا جا سکتا جس سے ان کی جان بھی خطرے میں پڑ جاتی ہے۔گاؤں والوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی عوامی نمائندہ یا لیڈر گاؤں میں ووٹ مانگنے آیا تو اس کی سخت مخالفت کی جائے گی۔ گاؤں کے ایک نوجوان سنتوش یادو نے بتایا کہ کئی بار پنچایت سے لے کر ضلع انتظامیہ کو درخواستیں دی گئیں، لیکن اب تک صرف یقین دہانی ہی ملی ہیں۔ اس بار گاؤں کے لوگ خاموش نہیں بیٹھیں گے۔گاؤں والوں نے کہا کہ جب تک سڑک کی تعمیر کے لیے ٹھوس کارروائی نہیں کی جاتی وہ ووٹ نہیں دیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ ووٹ دینا ہمارا حق ہے لیکن اب وہ اسے اپنے حقوق کے لیے دباؤ ڈالنے کے لیے استعمال کریں گے۔ پوسٹر لگانے کے بعد علاقے میں یہ معاملہ موضوع بحث بن گیا ہے اور انتظامیہ پر سڑک کی تعمیر کا دباؤ بڑھنے لگا ہے۔ انتہائی افسوس ناک بات یہ ہے کہ آج تک کسی عوامی نمائندے یا کسی افسر نے اس گاؤں کے بارے میں کچھ مثبت نہیں سوچا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan