ڈوڈہ پولیس نے سوشل میڈیا صارفین کو غلط معلومات شئیر کرنے سے دور رہنے کی تاکید کی
جموں، 15 ستمبر (ہ س)۔ ضلع ڈوڈہ میں پولیس نے سوشل میڈیا صارفین کو سختی سے خبردار کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا کا غلط استعمال نہ کریں۔ ایس ایس پی ڈوڈہ سندیپ مہتا نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ دفعہ 163 کے تحت تمام صارفین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اشتعال انگیز ویڈیوز یا بیان بازی سوشل میڈیا پر شائع نہ کریں۔ خاص طور پر ایسا مواد جو کسی مخصوص مذہب یا فرقے کی تضحیک یا توہین پر مبنی ہو، اس کی اشاعت کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس کا سوشل میڈیا مانیٹرنگ سیل فعال ہے اور جو بھی صارف ایسی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا جائے گا، اس کے خلاف فوری اور سخت کاروائی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں تمام مشکوک اکاونٹس کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔
موبائل انٹرنیٹ سروس کی بحالی سے متعلق ایس ایس پی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بروڈ بینڈ سروس بحال کر دی گئی ہے جبکہ موبائل انٹرنیٹ سروس کی بحالی حالات کے مکمل پرامن ہونے کے بعد کی جائے گی۔
ضلع کے چلی پنگل علاقے میں بھی کچھ عناصر حالات خراب کرنے کی کوشش میں ہیں، جس پر انتظامیہ مکمل طور پر قابو پا چکی ہے تاکہ ضلع بھر میں امن و امان کی فضا قائم رکھی جا سکے۔ اب تک مجموعی طور پر 81 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا جن میں سے 70 کو رہا کر دیا گیا ہے، جبکہ 11 افراد کے خلاف تفتیش جاری ہے۔
اسی طرح، پل ڈوڈہ میں معصوم بچی کی افسوسناک موت کے معاملے پر ایس ایس پی نے بتایا کہ اس کی مکمل جانچ کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ذمہ داران کا تعین کر کے متعلقہ قانونی کارروائی کی سفارش کرے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر