نئی دہلی، 14ستمبر(ہ س)۔ عام آدمی پارٹی نے بھارت ، پاکستان کرکٹ میچ کے خلاف زبردست احتجاج کیا اور بی جے پی اور وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف نعرے بازی کی۔ ساتھ ہی وزیراعظم کو سندور اور چوڑیاں بھی بھیجی گئیں۔ دہلی صوبائی سربراہ سوربھ بھاردواج کی قیادت میں آپ ہیڈکوارٹر پر ویمن ونگ نے ٹی وی توڑ کر لوگوں سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کے ساتھ ہونے والا کرکٹ میچ نہ دیکھیں۔ اس دوران سوربھ بھاردواج نے کہا کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد مودی جی نے کہا تھا کہ اُن کی رگوں میں گرم سندور بہتا ہے، لیکن آج وہ ٹھنڈا پڑ گیا ہے۔ دوسری حکومتوں کو نصیحتیں دینے والی بی جے پی آج خود پاکستان کے ساتھ میچ کرا رہی ہے، کیونکہ اس میں اربوں روپے کا سٹہ لگا ہوا ہے۔ ہماری فوج نے آپریشن سندور چلایا اور ہم پی او کے واپس لے سکتے تھے، لیکن تبھی مودی جی نے یو ٹرن لے لیا۔سوربھ بھاردواج نے کہا کہ یہی وہ بی جے پی ہے جو ہر موقع پر پاکستان کو للکارتی تھی، جھگڑے کی بات کرتی تھی، ہر حکومت کو نصیحت کرتی تھی کہ پاکستان سے مت ملو، بات مت کرو، کرکٹ مت کھیلواو۔کانگریس کی بھی حکومت میں پندرہ سال تک پاکستان کے ساتھ کرکٹ نہیں کھیلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی چند ماہ پہلے کی بات ہے کہ ہماری 26 بہنوں کے سہاگ کو اُن کے، اُن کے بچوں اور خاندان کے سامنے چُن چُن کر گولیاں مار دی گئیں۔ اس کے بعد اُن کے دفن و دکھ و سوز کے مناظر کیسے ہوئے، اُن کی چیتاوں کو آگ دی گئی، یہ ہم سب نے دیکھا۔ پورا ملک اُن بہنوں اور اُن کے بزرگ ماں باپ کے ساتھ رویا۔ شہید ہوئے بیٹوں کے والد ٹوٹ کر روئے کہ نوجوان بیٹوں کی ہڈیاں لانے کے لیے آئے ہیں، جبکہ باپ نے سوچا تھا کہ کبھی میرا بیٹا ان کی ہڈیاں پہنچائے گا۔ سوربھ بھاردواج نے کہا کہ اس واقعے کے بعد پورا ملک بہت غصے میں تھا اور ہر سیاسی جماعت نے کہا کہ مودی جی، آگے بڑھو، ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ ملک کے 140 کروڑ لوگ اور ہماری فوج مودی جی کے ساتھ ہیں۔ ہماری فوج نے لڑائی لڑی۔ ہماری فوج جیت رہی تھی، ہم پاکستان کو ہرا سکتے تھے اور کشمیر واپس لے سکتے تھے۔ لیکن وزیراعظم جی نے یو ٹرن لے لیا۔ٹرمپ کے کہنے پر مودی جی نے سیز فائر کرا دیا اور فوج کو واپس بلا لیا۔ یہ شرمناک ہے کہ جب اُن کا من ہوا فوج بھیج دی اور جب من ہوا واپس بلا لی۔ ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔سوربھ بھاردواج نے کہا کہ اب یہ میچ اس لیے کروایا جا رہا ہے کیونکہ اس میں اربوں ڈالر کا سٹہ لگا ہوا ہے۔ ہمیں پتا چلا ہے کہ بین الاقوامی سٹے میں اربوں ڈالر داو پر ہیں۔ پاکستانی ٹیم کو پیسے کی پیشکش ہے کہ ہار جاو، تاکہ سٹے باز جیت جائیں۔ لیکن پاکستان کے ساتھ میچ کیوں کروایا جا رہا ہے، اس کا جواب کسی بی جے پی کارکن کے پاس نہیں ہے۔ آج بی جے پی کا کارکن چھپ کر بیٹھا ہے۔ وہ صبح پارک میں لوگوں کو ڈھونڈتے تھے، اب خود چھپ گئے ہیں۔ لوگ اُنھیں ڈھونڈ رہے ہیں کہ آج وہ کہاں گئے؟ بی جے پی کارکن کو بھی یہ محسوس ہوتا ہے کہ مودی جی نے ان کی بے عزتی کروائی۔ پورا ملک اس میچ کی مخالفت کر رہا ہے، پھر بھی میچ ہو رہا ہے۔سوربھ بھاردواج نے کہا کہ اس پروگرام میں ہماری بہنیں سندور لے کر آئیں ہیں۔ یہ سندور اس لیے لائی گئی ہیں کیونکہ مودی جی نے کہا تھا کہ اُن کی رگوں میں خون نہیں، گرم سندور بہ رہا ہے۔ لیکن مئی میں مودی جی کا خون گرم تھا، ستمبر تک آتے آتے ٹھنڈا پڑ گیا؟ سُہاگن کا سندور اتنا کمزور نہیں کہ چار مہینوں میں ٹھنڈا پڑ جائے۔ تو پھر کچھ گڑبڑ ہے۔ ہماری بہنیں اور مائیں آج سندور لے کر آئیں ہیں، یہ دکھانے کے لیے کہ اصلی سندور کیسا ہوتا ہے۔ اس میں گرمی ہوتی ہے، یہ جلدی ٹھنڈا نہیں پڑتا۔ ہماری یہ تمام بہنیں یہ سندور پوری دنیا کو دکھائیں گی۔ یہ وہ سندور نہیں جس کے لیے وزیراعظم نے ڈائیلاگ مارا تھا کہ اُن کی رگوں میں گرم سندور بہتا ہے۔ یہ اصلی ہندوستانی سُہاگن کا سندور ہے۔ اس کی طاقت ہم دنیا کو دکھائیں گے۔اس دوران آپ کی ویمن ونگ کی صوبائی صدر ساریکا چوہدری نے کہا کہ مرکزی وزیر کے بیٹے کو اس بی سی سی آئی کا صدر بنا دیا گیا ہے، جو بھارت اور پاکستان کے درمیان کرکٹ میچ کا انعقاد کروا رہا ہے۔میں ملک کی ہر خاتون سے درخواست کرتی ہوں کہ اس کرکٹ میچ کی کوئی حمایت نہ کریں۔ ہم اپنے بچوں کو بھی یہ میچ نہیں دیکھنے دیں گے۔ ہم اس کی بھرپور مخالفت کرتے ہیں۔ ہم وزیراعظم کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے سندور لے کر آئے ہیں۔ ہم یہ سندور اُن تک پہنچائیں گے۔ ساتھ میں ہم چوڑیاں بھی لائیں ہیں، کیونکہ مودی جی دشمن کے سامنے جھک گئے ہیں۔ انہوں نے ملک کی عورتوں، نوجوانوں اور شہید جوانوں کی توہین کی ہے۔ چوری ،چھپے چوڑیاں مت پہنیے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais