ممبئی ،
یکم ستمبر(ہ س)۔
تھانے پولیس کمشنریٹ کے دائرہ اختیار
میں 30 اگست 2025 کو کلیان ریلوے اسٹیشن کے احاطے میں انسدادِ منشیات اسکواڈ نے ایک
بڑی کارروائی کرتے ہوئے تین نوجوانوں کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے چار دیسی
ساختہ پستول اور آٹھ کارآمد کارتوس ضبط کر کے ملزمین کو عدالت میں پیش کیا جہاں سے
انہیں 4 ستمبر تک پولیس حراست میں بھیج دیا گیا۔ یہ کارروائی عید میلاد کے پیش نظر
امن و امان کی صورتحال پر نگاہ رکھنے اور مشتبہ سرگرمیوں کو روکنے کے مقصد سے
انجام دی گئی ۔ برآمد شدہ اسلحہ اور دیگر سامان کی مالیت تقریباً دو لاکھ 80
ہزار روپے بتائی گئی ہے۔
پولیس کمشنر کے دفتر کے مطابق سینئر انسپکٹر شیلیش سالوی کو خفیہ اطلاع ملی تھی
کہ کلیان جنکشن پر غیر قانونی طور پر اسلحہ بیچنے کے لیے کچھ افراد پہنچنے والے ہیں۔
اطلاع کے بعد پولیس نے موقع پر گھات لگا کر کارروائی کی اور تینوں نوجوانوں کوگرفتار کر
لیا۔ ان کی شناخت شمالی دہلی کے رہائشی 20 سالہ اکشم ناتھنی جو کہ طالب علم ہے،
اتر پردیش کے 26 سالہ بٹو دھرم ویر سنگھ گوڑ اور وسطی دہلی کے 23 سالہ آکاش درگا
پرساد ورما کے طور پر ہوئی۔ ملزمین کے خلاف مہاتما پھولے چوک پولیس اسٹیشن میں
مقدمہ درج کیا گیا ہے اور معاملے کی تفتیش سب انسپکٹر سبھاش تاوڑے کے سپرد کی گئی
ہے۔
ہندوستھان
سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے