جموں, یکم ستمبر (ہ س)جموں میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری شدید بارشوں اور طغیانی کے پیشِ نظر انتظامیہ نے تمام سرکاری و نجی اسکولوں کی عمارتوں کا فوری حفاظتی آڈٹ کرانے کے احکامات صادر کئے ہیں۔ اسی کے ساتھ خطے میں اسکولوں کی تعطیل کو پیر تک بڑھا دیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق 14 اگست سے کشتواڑ، کٹھوعہ، ریاسی اور رامبن اضلاع میں بادل پھٹنے، لینڈ سلائیڈز اور سیلابی ریلوں کے نتیجے میں اب تک 130 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن جموں کی جانب سے تمام چیف ایجوکیشن افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پبلک ورکس (سڑک و عمارت) محکمہ کے تعاون سے اسکول عمارتوں کا فوری معائنہ کرائیں اور متعلقہ حکام سے حفاظتی سرٹیفکیٹ حاصل کریں تاکہ تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی پائیداری اور طلبہ کی سلامتی یقینی بنائی جا سکے۔
اس دوران ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن، نسیم جاوید چودھری نے اعلان کیا کہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈز کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پیر کو بھی صوبہ جموں کے تمام سرکاری و نجی اسکول بند رہیں گے۔ رواں ہفتے کے دوران بھی اسکول احتیاطی تدابیر کے طور پر بند رکھے گئے تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر