جموں, 31 اگست (ہ س)ڈوڈہ پولیس نے ایک جرات مندانہ اور رات بھر جاری رہنے والے ریسکیو آپریشن کے دوران دریائے چناب میں پھنسے آٹھ افراد کی جانیں بچا لیں۔
اطلاعات کے مطابق نصف شب کے قریب پولیس اسٹیشن عسر کو اطلاع ملی کہ کرمیل علاقے میں آٹھ افراد عارضی لکڑی کے بیڑے پر سوار ہو کر دریائے چناب کے بیچ پھنس گئے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس کی کوئیک ریسپانس ٹیم اور اس ڈی آر ایف کو فوری طور پر تمام آلات کے ساتھ موقع پر روانہ کیا گیا۔
گھنی دھند اور کم روشنی کے باعث صورتحال نہایت پیچیدہ تھی، تاہم ہائی پاور سرچ لائٹس اور منظم حکمتِ عملی کے ذریعے ان افراد کو بتدریج محفوظ راستے پر لاتے ہوئے کنارے تک پہنچایا گیا۔ یہ کارروائی تقریباً تین گھنٹے تک جاری رہی۔
ریسکیو آپریشن ڈپٹی ایس پی ڈی اے آر،ایس ڈی آر ایف عادل ریشو اور ایس ایچ او عسر انسپکٹر راکیش بندرال کی نگرانی میں، براہِ راست ایس ایس پی ڈوڈہ سندیپ مہتا کی قیادت میں انجام دیا گیا۔ فوج کی 48 آر آر یونٹ اور پولیس اسٹیشن بٹوت کی ٹیم نے بھی بھرپور تعاون فراہم کیا۔
پولیس نے بتایا کہ تمام آٹھوں افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
تاہم معاملے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ آیا یہ افراد دریائے چناب میں غیرقانونی طور پر لکڑی جمع کرنے کی غرض سے داخل ہوئے تھے یا حادثاتی طور پر دریا میں پھنس گئے تھے۔ اگر دورانِ تفتیش خلاف ورزی یا غیر قانونی سرگرمی ثابت ہوئی تو ملوث افراد کے خلاف بی این اجس 2023 کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ دریائے چناب میں غیر محفوظ طریقوں سے داخل ہونے یا خطرناک سرگرمیوں سے گریز کریں، کیونکہ یہ عمل جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر