علی گڑھ, 26 اگست (ہ س)البرکات ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیراہتمام البرکات انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کا افتتاح مہمانِ خصوصی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ایم ایل سی پروفیسر طارق منصور کے دستِ مبارکب سے ہوا اس موقع پر ایس ایم افضل میموریل اسکالرشپ تقسیم کی گئی۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تکنیکی تعلیم آج کی ضرورت ہے۔ ہمیں ایسے نوجوانوں کی ضرورت ہے جو نہ صرف علم سے آراستہ ہوں بلکہ معاشرتی مسائل کا حل نکالنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہوں۔ مجھے امید ہے کہ البرکات انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی آنے والے وقت میں آئی ٹی کے شعبے میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔”ایس ایم افضل میموریل اسکالرشپ“ دیتے ہوئے انہوں نے طلبہ کو تعلیم کے حصول کے لیے سخت محنت کرنے کی ترغیب دی۔ مہمان اعزازی علی گڑھ کے ایس ایس پی سنجیو سمن نے تکنیکی تعلیم کی اہمیت اور اس کی افادیت پر زور دیتے ہوئے اسے موجودہ دور کی ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے روزمرہ کے کاموں، میڈیکل، انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی اور متعلقہ شعبوں کے مطابق نئے پروگرام تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اسکالرشپ حاصل کرنے والے ہر طالب علم کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے اپنے تجربات شیئر کیے اور کہا کہ طلبہ کو اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنے کردار، رویے اور نظم و ضبط پر بھی توجہ دینی چاہیے۔ البرکات ایجوکیشنل سوسائٹی کے نائب صدر ایس ایم اشرف نے مہمانان کا شال اوڑھا کر، پھولوں کا گلدستہ اور یادگاری نشان پیش کر کے استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ماننا ہے کہ اسکالرشپ طلبہ کے تعلیم کے تئیں اعتماد کو بڑھانے کا ایک ذریعہ ہے کیونکہ جب بچے حوصلہ افزائی پاتے ہیں تو وہ مستقبل میں زیادہ محنت کرتے ہیں اور ان کا مظاہرہ یقیناً بہتر ہوتا ہے۔تقریب میں البرکات پبلک اسکول کے 54 ممتاز طلبہ کو میرٹ اسکالرشپ دی گئی اور البرکات انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اسٹڈیز کے 28 طلبہ کو اتر پردیش حکومت کی جانب سے ٹیبلٹس بھی تقسیم کیے گئے۔تقریب کی نظامت کرتے ہوئے البرکات ایجوکیشنل سوسائٹی کے جوائنٹ سیکریٹری ڈاکٹر احمد مجتبیٰ صدیقی نے کہا کہ ''البرکات ادارے نے تعلیمی میدان میں جو اقدامات اٹھائے ہیں، وہ قابل تحسین ہیں۔ خاص طور پر لڑکیوں کو تکنیکی تعلیم سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔”ہمارا مقصد طلبہ کو ایسی فضا فراہم کرنا ہے جہاں وہ جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ اخلاقی اقدار سے بھی آراستہ ہوں۔اس موقع پر پروفیسر اے آر قدوائی، پروفیسر صغیر افرہیم بیگ، پروفیسر پرویز طالب، پروفیسر جاوید، ایس ایم امان، ایس ایس عثمان،کفیل احمد،، نبیل اشرف، ڈاکٹر ایف یو صدیقی،، صبیحہ خان،، لبنیٰ خالق سمیت بڑی تعداد میں لوگو موجود رہے۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ