کولکاتہ، 25 اگست (ہ س)۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے پیر کو ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے ایم ایل اے جیون کرشنا ساہا کو مغربی بنگال میں اساتذہ بھرتی گھوٹالہ کے سلسلے میں گرفتار کیا۔ گرفتاری سے پہلے ای ڈی نے مرشد آباد ضلع کے برترا میں ساہا کی رہائش گاہ پر پانچ گھنٹے سے زیادہ تک چھاپہ مارا۔ چھاپے کے دوران ایم ایل اے نے دیوار پھلانگ کر فرار ہونے کی کوشش کی اور اپنے موبائل فون کو جھاڑیوں کے درمیان ایک نالے میں پھینک کر ثبوت کو تباہ کرنے کی کوشش کی۔ لیکن گھر کے باہر تعینات مرکزی سیکورٹی فورسز نے اسے پکڑ لیا۔ بعد میں ای ڈی کے اہلکاروں نے نالے سے موبائل فون برآمد کیا۔ پوچھ گچھ کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ ساہا نے دو موبائل فون استعمال کیے جن میں سے ایک کو اس نے چھپانے کی کوشش کی۔ ای ڈی کے مطابق، ساہا کو مرشد آباد سے کولکاتہ لایا جا رہا ہے، جہاں اسے بینک شال کورٹ میں پیش کیا جائے گا اور ان کی تحویل کی مانگ کی جائے گی۔
غور طلب ہے کہ جیون کرشن ساہا کو بھی سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) نے سال 2023 میں اسی بھرتی گھوٹالہ میں گرفتار کیا تھا، اس وقت بھی اس نے اپنے دو موبائل فون تالاب میں پھینکے تھے، جنہیں پانی سے نکال کر برآمد کیا گیا تھا۔ تقریباً 13 ماہ جیل میں گزارنے کے بعد انہیں سپریم کورٹ سے ضمانت مل گئی۔
جہاں سی بی آئی اس معاملے میں بدعنوانی کی جانچ کر رہی ہے وہیں ای ڈی اس میں منی لانڈرنگ اور مالیاتی لین دین کی جانچ کر رہی ہے۔ پیر کو ای ڈی کی کئی ٹیموں نے ریاست بھر میں بیک وقت چھاپے مارے۔ کلکتہ، مرشد آباد اور بیر بھوم اضلاع میں کئی مقامات پر تلاشی مہم چلائی گئی۔
ای ڈی حکام نے ایم ایل اے ساہا کے سسرال (رگھوناتھ گنج) کے گھر اور ان کی بیوی ٹوگور ساہا کے گھر کی بھی تلاشی لی۔ اس کے علاوہ بیر بھوم ضلع کی سینتھیا میونسپلٹی کی کونسلر اور ایم ایل اے کی بوا مایا ساہا کے گھر پر بھی چھاپے مارے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مرشد آباد ضلع کے مہیس گاو¿ں کے رہنے والے بینک ملازم راجیش گھوش کے گھر پر بھی تلاشی مہم چلائی گئی۔ یہ کارروائی کولکاتہ میں چار مقامات پر کئے گئے حالیہ چھاپوں میں ملے نئے سراغ کی بنیاد پر کی گئی ہے۔ ان چھاپوں میں ایس ایس سی بھرتی کے عمل میں میڈل مین کا کردار ادا کرنے والے پرسنا رائے کے روابط سامنے آئے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ