اسلام آباد، 20 اگست (ہ س)۔ پاکستان کے سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی جانب سے 9 مئی کے مقدمات میں دائر 8 اپیلوں پر سماعت ملتوی کردی۔ قبل ازیں چیف جسٹس (سی جے پی) یحییٰ آفریدی کی سربراہی والی اور جسٹس محمد شفیع صدیقی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی تین رکنی بینچ نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کے بانی کی اپیلوں کی سماعت کی۔ لاہور ہائی کورٹ نے 9 مئی کےمعاملوں میں گرفتاری کے بعد ان کی درخواست ضمانت مسترد کر دی تھی۔
عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر آج سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ان سے کہا کہ وہ ان کی جانب سے دائر اضافی دستاویزات نہیں دیکھ سکتے، اس لیے کیس کی سماعت ملتوی کی جا رہی ہے۔
بیرسٹر سلمان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اضافی دستاویزات میں کیس کا عدالتی فیصلہ شامل ہے۔ جسٹس آفریدی نے وکیل کو جواب دیا ” جو بھی ہو، ان دستاویزات کی جانچ پڑتال ضروری ہے۔“ بیرسٹر سلمان نے ایک دیوانی متفرق درخواست (سی ایم اے) کے ذریعے نچلی عدالتوں اور ہائی کورٹ کے اس معاملے کے تعلق سے دیئے گئے فیصلوں سمیت کچھ اضافی دستاویزات جمع کروائی تھیں۔
عدالت نے ہدایت کی کہ اگر دیگر فریق کیس سے متعلق کوئی دستاویزات جمع کروانا چاہتے ہیں تو وہ منگل کو دائر کریں۔ بنچ نے استغاثہ کو اپیل کنندہ کی طرف سے دائر اضافی دستاویزات کی جانچ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد