ڈھاکہ (بنگلہ دیش)، 20 اگست (ہ س)۔
بنگلہ دیش کی سپریم کورٹ کل بھی ہائی کورٹ کی جانب سے بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے قائم مقام صدر طارق رحمان اور دیگر کی بریت کے کیس کی سماعت کرے گی۔ سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر اپیلوں کی آج چوتھے روز بھی سماعت کی۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سید رفعت احمد کی سربراہی میں چھ رکنی اپیلٹ بنچ نے جمعرات کو دوبارہ سماعت شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔
ڈیلی اسٹار اخبار کی خبر کے مطابق ہائی کورٹ نے 21 اگست 2004 کے دستی بم حملے کے مقدمات کی سماعت 22 نومبر 2024 کو مکمل کی تھی اور آئندہ ماہ یکم دسمبر کو فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان بی این پی کے قائم مقام صدر طارق رحمان، سابق وزیر مملکت لطف الزمان بابر اور دیگر کو بری کر دیا تھا۔ سپریم کورٹ کے اپیلٹ بنچ میں آج سماعت کے دوران وکیل دفاع ایس ایم شاہجہان نے کہا کہ دستی بم حملے کے واقعے یا سازش میں ملزمان کے ملوث ہونے اور جائے وقوعہ پر ان کی موجودگی کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر گزشتہ سال ملک میں کوئی سیاسی تبدیلی نہ آتی تو اس کیس میں حراست میں لیے گئے افراد میں سے کسی کو بھی جیل سے رہا نہیں کیا جا سکتا تھا۔ حراست میں لیے گئے تمام افراد کو گزشتہ سال 5 اگست کے بعد رہا کیا گیا تھا۔ شاہجہاں نے ہائی کورٹ کے بریت کے فیصلے کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔
قبل ازیں منگل کو ڈپٹی اٹارنی جنرل عبداللہ المحمود مسعود نے ریاست کی جانب سے دلائل پیش کیے اور سپریم کورٹ سے ہائی کورٹ کے فیصلے کو منسوخ کرنے اور مقدمات میں نچلی عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھنے کی درخواست کی۔ اس سال 2 جون کو اپیل ڈویژن نے ریاست کو ان مقدمات میں ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دو اپیلیں دائر کرنے کی اجازت دی تھی۔ یہ دستی بم حملہ 21 اگست 2004 کو شام 5 بج کر 22 منٹ پر بنگ بندھو ایونیو (اب شہید ابرار فہد ایونیو) پر عوامی لیگ کی انسداد دہشت گردی کی ریلی پر ہواتھا۔
اس حملے میں 24 افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ حملے کے وقت اس وقت کی اپوزیشن لیڈر شیخ حسینہ تقریباً 20 ہزار لوگوں کے مجمع سے خطاب کر رہی تھیں۔ ہلاک ہونے والوں میں حسینہ کے محافظ محبوب الرحمان اور عوامی لیگ کی خواتین کے امور کی سیکرٹری آئیوی رحمان بھی شامل ہیں۔ اس واقعے کے خلاف عوامی لیگ نے 23 اور 24 اگست 2004 کو ملک گیر ہڑتال کی کال دی تھی۔ بنگلہ دیش کی اس وقت کی وزیر اعظم خالدہ ضیا نے ان حملوں کی مذمت کی تھی۔ ہڑتال پر بیٹھے عوامی لیگ کے کارکنوں نے انٹرسٹی ٹرین کو جلا دیا۔ یہ الزام لگایا گیا ہے کہ ڈھاکہ میں مظاہرین پر بنگلہ دیش پولیس اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے لیبر ونگ ذاتیتا وادی شرمک دل کے ارکان نے حملہ کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ